اسرائیلی فضائیہ کی جبالیہ کیمپ پر بمباری، مزید 90 فلسطینی شہید
غزہ پر اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ نہ رک سکا، اسرائیلی فضائیہ کی جبالیہ کیمپ پر بمباری سے مزید 90 فلسطینی شہید جبکہ سینکڑوں زخمی ہوگئے۔غزہ کے جبالیہ کیمپ میں شہاب خاندان کے گھر کو بھی نشانہ بنایا گیا، اسرائیلی حملے کے نتیجے میں 20 افراد شہید جبکہ 100 زخمی ہوگئے، حملے میں قریبی گھروں کو بھی نقصان پہنچا۔اسرائیلی فورسز نے غزہ کے کمال عدوان اسپتال کا محاصرہ ختم کردیا تاہم عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے شمالی غزہ میں کمال عدوان اسپتال کی تباہی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کمال عدوان اسپتال کے غیرفعال ہونے سے 8 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔رفح میں زوردار دھماکے میں رہائشی مکانات کو نشانہ بنایا گیا، دھماکے میں 2 افراد شہید جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ اسرائیلی طیاروں نے خان یونس کے مشرق میں بنی سہیلہ سمیت جنوب مشرقی علاقے میں بھی دو حملے کئے۔ادھر مقبوضہ مغربی کنارے میں جنین کے بعد اسرائیلی افواج کی جانب سے نورالشمس کیمپ پر جارحانہ کارروائی کی گئی، اسرائیلی طیارے کے حملے میں مزید 5 فلسطینی شہید ہوگئے جبکہ اسرائیلی فورسز نے ایمبولینسوں کو بھی کیمپ جانے سے روک دیا۔حملے کے مقام پر طبی امداد نہ پہنچنے کے باعث 2 فلسطینی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے جبکہ اسرائیلی افواج نے ایمبولینس کے اندر سے طبی عملے کے ایک اہلکار کو بھی گرفتار کرلیا۔











