شاہ محمود قریشی 9مئی میں گرفتار، سپریم کورٹ نوٹس لے، بیرسٹر گوہر
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے شاہ محمود قریشی کی دوبارہ گرفتاری پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گرفتاری کامعاملہ سپریم کورٹ کو دیکھنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ شفاف الیکشن کے لیے گرفتاریاں نہ کی جائیں ، شاہ محمود قریشی کو پہلے بھی متعدد بار گرفتار کیا گیا،تھری ایم پی او کی گنجائش نہیں۔عمران خان میانوالی ، لاہور ، اسلام آباد سے الیکشن لڑینگے ،چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ تھری ایم پی او بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے، ایم پی او اس لیے جاری کیا جاتا ہے کہ نیا کیس بنانے تک نظر بند رکھا جائے،عدلیہ سے گزارش ہے کہ لوگوں کی حفاظت یقینی بنائے۔واضح رہے کہ راولپنڈی پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو ایک اور مقدمے میں گرفتار کر لیا۔شاہ محمود قریشی 9 مئی کے مقدمات میں ملزم نامزد ہیں اور اس حوالے سے گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے شاہ محمود قریشی کے نظربندی کا حکم جاری کیا تھا۔آج شاہ محمود قریشی کو تھانہ آر اے بازار اور تھانہ صدر بیرونی پولیس نے گرفتار کیا، شاہ محمود قریشی کے 15 دن کے نظر بندی آرڈر جاری ہو چکے ہیں۔پولیس کے مطابق ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کے نظر بندی آرڈرز میں شاہ محمود قریشی سے 9 مئی واقعات سے متعلق تفتیش کرنے کا کہا گیا ہے۔











