پشین ، سیاسی جماعت کے دفتر کے باہر دھماکا، 17 افراد جاں بحق ، 30 زخمی
بلوچستان کے ضلع پشین میں دھماکے کے نتیجے میں 17 افراد جاں بحق اور 30 زخمی ہو گئے۔ جبکہ قلعہ سیف اللہ میں جے یوآئی کے دفترکے قریب دھماکے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔پولیس نے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکا سیاسی جماعت کے دفتر کے باہر ہوا جس میں 17 افراد جاں بحق اور 30 زخمی ہوئے ہیں۔ذرائع کے مطابق دھماکا خانوزئی میں پی بی 47 میں انتخابی امیدوار اسفندیارکاکڑ کے دفتر کے باہر ہوا۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی ، زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ڈپٹی کمشنر جمعہ داد نے کہا ہے کہ دھماکا خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا، دھماکے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ادھر قلعہ سیف اللہ میں جے یو آئی کے انتخابی دفتر کے باہر دھماکا ہوا جس میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔دوسری جانب الیکشن کمیشن نے پشین دھماکے کا نوٹس لے کر چیف سیکرٹری اور آئی جی بلوچستان سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔ الیکشن کمیشن نے ہدایت کی ہے کہ ان واقعات میں ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔ادھرنگران وزیر داخلہ بلوچستان زبیر جمالی نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سے رپورٹ طلب کر لی ہے ، زبیر جمالی نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف عزم متزلزل نہیں ہو گا۔انہوں نے کہا کہ دشمن ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کے درپے ہیں، اتحاد سےدشمن کی سازش کو ناکام بنائیں گے، اس طرح کے حملے سے انتخابی عمل متاثر نہیں ہو گا۔











