پاکستان مسلم لیگ نواز اور پیپلزپارٹی کے درمیان پاور شئیرنگ فارمولہ طے ہوجائیگا،
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)اکستان پیپلز پارٹی نے اس شرط کے ساتھ مسلم لیگ (ن) کو حکومت سازی کے ساتھ ساتھ اگلے وزیر اعظم کے انتخاب میں حمایت کی یقین دہانی کرائی کہ وہ اس کے بدلے اہم آئینی عہدوں کے حصول میں اس کی حمایت کرے گی اور پاور شئیرنگ فارمولہ آج طے پانے کا امکان ہے۔پارٹی کے مختلف اہم رہنماؤں کے درمیان سخت مقابلے کے پیش نظر ان اہم آئینی عہدوں کے لیے لوگوں کو نامزد کرنا پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے لیے مشکل کام ثابت ہو رہا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اگرچہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی قومی اسمبلی کے اسپیکر کے لیے میدان میں تھے تاہم انہیں سینیٹ کی نشست برقرار رکھنے کی ہدایت کی گئی جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ انہیں چیئرمین سینیٹ کے عہدے کے لیے میدان میں اتارا جاسکتا ہے۔دوسری جانب اسپیکر کے عہدے کے لیے سابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا نام سامنے آیا ہے جب کہ پارٹی حلقوں میں یہ بات کہی جا رہی ہے کہ دونوں ایوانوں کے نگران سندھ سے تعلق رکھتے ہیں۔دوسری جانب کہا جا رہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے اس عہدے کے لیے ایک اور سابق اسپیکر ایاز صادق کو اپنا امیدوار نامزد کیا ہے۔












