پی ٹی آئی کے وفد کی مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماوں سے ملاقاتیں ، حکومت کےلیے حمایت مانگ لی
اسلام آباد(غلام مرتضی) پی ٹی آئی وفد نے جماعت اسلامی رہنماؤں سے ملاقات کی اور دونوں پارٹی کی قائدین نے حالیہ عام الیکشن کو ’’دھاندلی زدہ‘‘ قرار دیتے ہوئے مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاج پر اتفاق کیا۔ اس سے پیشتر پی ٹی آئی کے وفد نے آفتاب شیر پاؤ سے ملاقا ت کی اور ان سے حمایت کے حوالے سے بات کی، جس پر آفتاب شیرپاو نے کہا کہ وہ دھاندلی کےخلاف تحریک انصاف کے ساتھ ہیں،پی ٹی آئی رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ اس وقت ہمارا ون پوائنٹ ایجنڈا ہے، الیکشن میں دھاندلی کی اس سے پہلے ایسی مثال نہیں ملتی، ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ اس دھاندلی کے خلاف آواز اٹھانے والی تمام جماعتوں سے ملیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم مل بیٹھ کے سوچیں گے کہ اگلا لائحہ عمل کیا ہو گا، اب فیصلے بند کمروں میں نہیں ہونگے، اس وقت ملک عدم استحکام کی طرف بڑھ رہا ہے، ہم قانونی جنگ بھی لڑیں گے، کل پورے ملک میں ہم نے احتجاجی مظاہرہ کی کال دی ہوئی ہے۔اسد قیصر نے کہا کہ عوام سے پرامن احتجاج میں شرکت کی اپیل کرتے ہیں، ہم صرف جمہوریت کو مستحکم کرنے کیلئے اپنی جہدوجہد جاری رکھیں گے، ہم اس دھاندلی کے خلاف بھرپور احتجاج کریں گے۔علاوہ ازیں جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ نے کہا کہ ہم پی ٹی آئی کے وفد کا خیر مقدم کرتے ہیں، جماعت اسلامی نے 8 فروری کے فوری بعد اپنا مؤقف کا اعلان کر دیا تھا، ہم نے اس الیکشن کو مسترد قرار دیا، چیف الیکشن کمشنر کے استعفی کا بھی مطالبہ کیا۔












