واپڈا اور آرمی کی ٹیمیں نیشنل ویمنز باسکٹ بال چیمپئن شپ کے سیمی فائنل رائونڈ میں پہنچ گئیں
اسلام آباد(سید جاوید حسن شاہ)دفاعی چیمپئن پاکستان واپڈا اور آرمی نے نیشنل وویمنز باسکٹ بال چیمپئن شپ میں فتوحات کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ایونٹ کے سیمی فائنل رائونڈ کے لئے کوالیفائی کر لیا۔ پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کے زیر اہتمام واپڈا سپورٹس کمپلیکس لاہور میں جاری چیمپئن شپ کے دوسرے روز دفاعی چیمپئن واپڈا نے اپنے کامیابیوں کا سلسلہ جاری رکھا اور فیصل آباد کو اپنے اٹیکنگ کھیل کی بدولت 13 کے مقابلے میں 50 پوائنٹس سے شکست دیتے ہوئے سیمی فائنل رائونڈ میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بنی۔واپڈا کی طرف سے حجاب فاطمہ نے 22 اور سدرہ حکیم نے 12 پوائنٹس سکور کئے۔ دوسرے میچ میں آرمی نے اپنے شاندار کھیل کی بدولت اسلام آباد کو 21ـ53 پوائنٹس سے شکست دے کر چیمپئن شپ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرتے ہوئے سیمی فائنل رائونڈ تک رسائی کو یقینی بنایا۔ آرمی کی طرف سے عائشہ دلشاد نے25، آمنہ محسن نے 10 پوائنٹس سکور کئے۔ ایونٹ کے سیمی فائنلز 29 دسمبر جبکہ فائنل 30 دسمبر کو کھیلا جائے گا.












