وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت نوجوان افرادی قوت کی پیشہ ورانہ تربیت کے حوالے سے بین الوزارتی جائزہ اجلاس
اسلام آباد (زاہد یعقوب خواجہ) وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے نوجوان افرادی قوت کی پیشہ ورانہ تربیت کے حوالے سے بین الوزارتی جائزہ اجلاس کی آج اسلام آباد میں صدارت کی. اجلاس میں نیووٹیک (NAVTTC)، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی، وزارت سمندر پار پاکستانی اور وزارت صحت کی جانب سے نوجوانوں کی پیشہ ورانہ تربیت کے حوالے سے آئندہ تین سال کا لائحہ عمل پیش کیا گیا. اجلاس کو بتایا گیا کہ نیووٹیک رواں برس اب تک 60 ہزار اور جون 2025 تک 1 لاکھ 41 ہزار نوجوانوں کو آئی ٹی سمیت مختلف شعبوں میں پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرے گا. مزید برآں 2026 میں 2 لاکھ 50 ہزار جبکہ 2027 میں 3 لاکھ 37 ہزار نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں تربیت دے گا.
اجلاس کو بتایا گیا کہ نیووٹیک کے تحت 29 ہزار سے زائد افراد تربیت حاصل کرکے سعودی عرب میں روزگار حاصل کر چکے جبکہ دسمبر 2025 تک 40 ہزار، 2026 میں ایک لاکھ جبکہ 2027 میں 1 لاکھ 50 ہزار افراد کو پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرکے سعودی عرب میں روزگار کا ہدف رکھا گیا ہے. اسی طرح دسمبر 2025 تک دیگر ممالک میں پیشہ ورانہ ہنر سے لیس 50 ہزار پاکستانیوں، 2026 میں 1 لاکھ جبکہ 2027 میں 2 لاکھ افراد کو بیرون ملک روزگار دلوانے کا ہدف رکھا گیا ہے. اجلاس کو بتایا گیا کہ نیووٹیک کے ذریعے پاکستانی تربیتی اداروں کی مختلف بین الاقوامی اداروں سے اکریڈیٹیشن کا عمل بھی تیزی سے جاری ہے جس کے تحت جون 2025 تک 72 بین الاقوامی اداروں کی جانب سے اکریڈیٹیشن حاصل کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے.
اجلاس کو ملکی صنعت میں درکار ہنر و پیشہ ورانہ تربیت کے سروے، جدید نصاب کے اطلاق، مقامی اداروں کی اکریڈیٹیشن اور ٹرینرز کی لائسنسنگ پر پیش رفت و کارکردگی سے بھی آگاہ کیا گیا. اجلاس کو بتایا گیا کہ ان تربیتی پروگرامز میں مدرسہ جات کے 2500 سے زائد طلبہ کو تربیت دی جا چکی جبکہ مدارس کے جون 2025 تک 3 ہزار، 2026 میں 20 ہزار اور 2027 میں 30 ہزار طلباء کو مختلف شعبوں میں پیشہ ورانہ تربیت کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی.اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ ان تربیتی پروگرامز کو چاروں صوبوں سمیت گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی فراہم کیا جارہا ہے.اجلاس میں وزارت آئی ٹی کی جانب سے بتایا گیا کہ آئندہ تین برس میں وزارت ملک بھر میں 92 ہزار سے زائد نوجوانوں کو جدید آئی ٹی کورسسز میں تربیت اور 21 لاکھ فری لانسرز تیار کرنے کے ہدف کو پورا کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے. اجلاس کو نیشنل آئی سی ٹی اسکلز ایکوسسٹم کے قیام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی جس سے نہ صرف نوجوان مقامی صنعت بلکہ بیرون ملک بھی روزگار کے موجود مواقع سے مستفید ہونگے.
اجلاس میں ملک کے نرسنگ شعبے میں تربیتی پروگرامز، نرسنگ کے شعبے کی طلب اور پاکستانی نرسوں کی بیرون ملک روزگار کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی. اجلاس میں نرسنگ شعبے کی اصلاحات کا روڈ میپ بھی پیش کیا گیا. وزیرِ اعظم نے نرسنگ اسکولز کی تعداد میں اضافے اور موجودہ نرسنگ اسکولز میں تربیت کے معیار کو بین الاقوامی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ہدایت کی.
اجلاس میں وفاقی وزراء احد خان چیمہ، چوہدری سالک حسین، وزیرِ مملکت آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ، وزیرِ اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ، چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد، اور متعلقہ اعلی کام نے شرکت کی.












