پی ٹی اے اور ایف آئی اے کا لاہور میں غیر قانونی بین الاقوامی سموں کی فروخت پر کریک ڈاؤن
اسلام آباد (زاہد یعقوب خواجہ) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے زونل آفس راولپنڈی نے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے ) سائبر کرائم ونگ کے ساتھ مل کر لاہور کینٹ کے گلشن علی کالونی میں غیر قانونی طور پر فروخت ہونے والی غیر ملکی پری ایکٹیویٹڈ سمز کے حوالے سے کامیاب چھاپہ مارا۔ اس موقع پر 68 برطانوی سمیں قبضے میں لیتے ہوئے ایک مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم لاہور، کراچی اور ڈیرہ غازی خان سے بڑی تعداد میں غیر ملکی سموں کی سپلائی میں ملوث تھا۔ ایف آئی اے نے سپلائی چین کے خاتمے کے لیے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔پی ٹی اے غیر قانونی سموں کی فروخت کی روک تھام کے لیے پرعزم ہے اور اس ضمن میں عوام سے کہا جاتا ہے کہ وہ ایسے غیر قانونی کاروبار کی نشاندہی کریں تاکہ ایک محفوظ ڈیجیٹل ماحول کا قیام عمل میں لایا جا سکے۔












