وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی چینی کے ذخیرہ اندوزوں اور مصنوعی طور پر چینی قلت پیدا کر کے قیمت میں اضافے کے ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت ترین کاروائی کی ہدایت
اسلام آباد (زاہد یعقوب خواجہ) وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے چینی کے ذخیرہ اندوزوں اور مصنوعی قلت پیدا کر کے قیمتوں میں اضافہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا ہے۔ وزیرِاعظم نے واضح کیا کہ چینی ذخیرہ کرنے اور قیمتوں میں مصنوعی اضافے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف فوری کریک ڈاؤن کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں وزیرِاعظم نے چینی کی کھپت اور رسد پر کڑی نگرانی رکھنے کی ضرورت پر زور دیا اور متعلقہ حکام کو شوگر ملوں کے ساتھ روابط مضبوط کرنے کی ہدایت کی تاکہ چینی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں چینی کی وافر مقدار موجود ہے اور مصنوعی بحران پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں عوام کا استحصال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز کو ہدایت کی کہ چینی کی مقررہ قیمت پر عوام کو دستیابی یقینی بنائی جائے۔وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت چینی کی کھپت، رسد اور قیمتوں پر جائزہ اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ، رانا تنویر حسین، احد خان چیمہ، علی پرویز ملک، معاون خصوصی ہارون اختر اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں وزیرِاعظم کو چینی کی موجودہ صورتحال، کھپت، رسد اور قیمتوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیرِاعظم نے ہدایت کی کہ مصنوعی بحران پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔












