وزیرِ اعظم کی انسانی اسمگلنگ میں ملوث ججہ گروہ کے سرغنہ کی گرفتاری پر ایف آئی اے اور انٹیلیجنس بیورو کے افسران و اہلکاروں کی پزیرائی اور انعام
اسلام آباد (زاہد یعقوب خواجہ) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی انسانی اسمگلنگ میں ملوث ججہ گروہ کے سرغنہ عثمان ججہ کی گرفتاری پر ایف آئی اے اور انٹیلیجنس بیورو کے افسران و اہلکاروں کی پزیرائی کی اور ان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے گرفتار کرنے والے ہر افسرو اہلکار کو 10، 10 لاکھ روپے انعام دیا.وزیرِ اعظم نے کہا کہ عثمان ججہ 2024 میں یونان کشی حادثے میں جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں کی اموات کے ذمہ داران میں مرکزی کرداروں میں سے ایک ہے اور اس کی گرفتاری انسانی اسمگلنگ کے خلاف بڑی پیش رفت ہے۔
وزیرِ اعظم کو ایف آئی اے اور انٹیلیجنس بیورو کی جانب سے انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے جاری کاروائیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیرِ اعظم نے اداروں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ہدایت کی کہ ایسے مکروہ عناصر کے خلاف کاروائیاں مزید تیز کی جائیں تاکہ پاکستان کو بدنام کرنے والے ان جرائم پیشہ افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ کے مکروہ فعل میں ملوث افراد قیمتی جانوں کے ضیاع اور پاکستان کی دنیا بھر میں بدنامی کا باعث بنتے ہیں. انہوں نے واضح کیا کہ انسانی اسمگلروں کو کسی صورت معافی نہیں دی جائے گی اور ان کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔
ملاقات میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیر مملکت برائے داخلہ و انسداد منشیات طلال چوہدری اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ ملاقات میں انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے مستقبل کی حکمتِ عملی پر بھی مشاورت کی گئی۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ حکومت انسانی اسمگلنگ جیسے انسانیت سوز جرم کے خاتمے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے گی اور عوام کو اس لعنت سے نجات دلانے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مکمل حمایت جاری رکھے گی۔








