وزیراعظم محمد شہباز شریف کا پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے تاریخ میں پہلی بار ایک لاکھ 19 ہزار پوائینٹس کی حد عبور کرنے پر اظہار اطمینان

اسلام آباد (زاہد یعقوب خواجہ) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے تاریخ میں پہلی بار 119,000 پوائنٹس کی حد عبور کرنے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹاک مارکیٹ میں یہ مثبت پیش رفت حکومت کی معاشی پالیسیوں پر تاجروں اور سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا مظہر ہے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ بہتر ہوتے معاشی اعشاریے اور کاروباری ماحول حکومت کی مؤثر معاشی حکمت عملی کا نتیجہ ہیں۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں حالیہ دنوں میں نمایاں تیزی دیکھی گئی ہے۔ بدھ کے روز کے ایس ای 100 انڈیکس 972.93 پوائنٹس کے اضافے سے 117,974.02 کی سطح پر بند ہوا۔ کاروباری سیشن کے دوران انڈیکس 118,243.63 کی بلند ترین سطح پر بھی پہنچا تھا۔ جمعرات کو انڈیکس مزید 1,258 پوائنٹس کے اضافے سے 119,032 کی سطح پر پہنچ گیا، جو ایک نئی تاریخی بلندی ہے۔
ماہرین کے مطابق، رمضان کے پہلے ہفتے کے بعد سے مارکیٹ میں تجارتی حجم میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جس سے خریداری کی سرگرمیوں میں تیزی آئی ہے۔ یہ مثبت رجحان آئندہ دنوں میں بھی جاری رہنے کی توقع ہے۔وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ حکومت ملک میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے مثبت ماحول کی فراہمی کے لیے تمام تر سہولیات فراہم کر رہی ہے، تاکہ معاشی ترقی اور استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں