ڈبلیو ایچ او کا “بِگ کیچ اپ” مہم کے تحت پاکستان میں 28 لاکھ بچوں کی ویکسینیشن میں تعاون

اسلام آباد (سید جاوید حسن شاہ) عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے حکومتِ پاکستان کے ساتھ شراکت داری کرتے ہوئے 28 لاکھ بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگانے کی مہم میں معاونت فراہم کی ہے۔ یہ بچے کووڈ-19 وبا یا دیگر وجوہات کی بنا پر معمول کے حفاظتی ٹیکے لگوانے سے محروم رہ گئے تھے۔”بگ کیچ اپ” مہم کے دوسرے مرحلے میں فروری اور مارچ کے دوران 13 لاکھ سے زائد بچوں کو ویکسین دی گئی، جبکہ پہلے مرحلے میں، جو اکتوبر سے دسمبر 2024 تک جاری رہا، 15 لاکھ بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائے گئے تھے۔ اس مہم کے تحت 3,58,000 ایسے بچوں کو بھی ویکسین دی گئی جو پہلے کبھی حفاظتی ٹیکے نہیں لگوا سکے تھے۔ تیسرا اور آخری مرحلہ 2025 کے دوسرے نصف میں متوقع ہے تاکہ ویکسینیشن کوریج کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
یہ حکومتی مہم وفاقی ڈائریکٹوریٹ آف امیونائزیشن (FDI) اور توسیعی پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات (EPI) کی قیادت میں چلائی جا رہی ہے، جس میں ڈبلیو ایچ او، گیوی (Gavi) اور دیگر شراکت دار ادارے شامل ہیں۔ اس مہم کو پولیو کے خاتمے کے پروگرام کے ساتھ مربوط کیا گیا تاکہ زیادہ سے زیادہ بچوں تک رسائی ممکن ہو سکے۔
ڈبلیو ایچ او پاکستان کے نمائندے، ڈاکٹر داپینگ لوو نے کہا:”بگ کیچ اپ کے دوسرے مرحلے کی زبردست کامیابی حکومتِ پاکستان اور فرنٹ لائن ورکرز کی انتھک محنت کا ثبوت ہے، جو بچوں کو مہلک بیماریوں سے محفوظ بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ ویکسین جانیں بچاتی ہیں، اور ڈبلیو ایچ او پاکستان کے ساتھ مل کر صحت کی سہولیات کو ہر بچے تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہے۔”یہ مہم خاص طور پر 12 سے 59 ماہ کے عمر کے ان بچوں پر مرکوز تھی جو کسی بھی وجہ سے معمول کی ویکسینیشن سے محروم رہ گئے تھے۔ ملک بھر میں 83 ہائی رسک اضلاع میں ویکسینیشن کو یقینی بنایا گیا۔
ویکسینیشن مہم کو کامیاب بنانے کے لیے 65,000 سے زائد ٹیمیں تعینات کی گئیں، جن میں ماہر طبی عملہ اور سماجی متحرک کارکن شامل تھے۔ یہ پہلا موقع تھا جب دو سال سے زائد عمر کے بچوں کے لیے اس قدر وسیع پیمانے پر معمول کی ویکسینیشن مہم چلائی گئی۔ڈبلیو ایچ او پاکستان نے ایف ڈی آئی، گیوی، یونیسیف اور دیگر شراکت داروں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ملک کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں بچوں تک ویکسین کی رسائی کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کیا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں