اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن میں یوم پاکستان پر پرچم کشائی کی تقریب

نیو یارک(نمائندہ خصوصی) اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن میں یوم پاکستان کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سفیر عاصم افتخار احمد نے قوم کے بانیوں کے اسباق اور اقدار کو اپنانے پر زور دیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق یہ دن قائداعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرنے اور اپنے وطن سے وابستگی کی تجدید کے لئے امریکا کے مختلف حصوں میں مقیم پاکستانی تارکین وطن کی جانب سے قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ گزشتہ روز چانسری بلڈنگ میں منعقدہ تقریب میں افسران، عملہ اور ان کے اہل خانہ نے شرکت کی۔ اس موقع پر صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔
اس موقع پر اقوام متحدہ میں پاکستان کے نامزد مستقل نمائندہ عاصم افتخار احمد نے کہا کہ قربانی، لچک اور اتحاد کا جذبہ جس نے پاکستان کی جدوجہد آزادی کی تعریف کی ہے، قوم کو مختلف چیلنجز سے گزرتے ہوئے امید کی تحریک جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ 85 سال قبل آج کے دن تاریخی مینار پاکستان پر جمع ہونے والے لاکھوں مسلمانوں نے قائداعظم محمد علی جناح کی متحرک قیادت میں قیام پاکستان کے مقصد کو حاصل کرنے میں استقامت، حوصلے اور بے لوث ہونے کی لازوال مثال قائم کی۔ اگر ہم اپنی انفرادی اور اجتماعی دونوں زندگیوں میں اپنے بانیوں کے اسباق اور اقدار کو اپنا لیں تو کوئی وجہ نہیں کہ ہم پاکستان کو مضبوطی سے ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن نہ کر سکیں۔
اس تناظر میں پاکستان کے مستقل نماندہ عاصم افتخار احمد نے پاکستان کے قیام سے قبل عالمی جنگوں کے دور کے پیچیدہ جغرافیائی سیاسی ماحول پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس وقت کے چیلنجز آج درپیش چیلنجز سے بھی زیادہ خوفناک تھے۔انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ کس طرح پاکستان کے بانیوں نے تحریک آزادی کے دوران ایک کثیر جہتی نقطہ نظر اپنایا، جس میں خواتین، طلبا اور نوجوانوں سمیت زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو متحرک کیا۔ انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم نے پاکستان کے لئے آئینی، سیاسی اور جمہوری جدوجہد کی اور عوام کی غیر متزلزل حمایت سے اپنے راستے کی تمام رکاوٹوں کو عبور کیا۔ انہوں نے پاکستان کے 78 سالہ سفر پر روشنی ڈالی اور قوم کو پیش آنے والے بہت سے اتار چڑھا کا اعتراف کیا ۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان نے مختلف شعبوں میں اہم سنگ میل بھی حاصل کئے ہیں جو قوم کے لئے باعث فخر ہونا چاہیے۔ انہوں نے پاکستان کی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ان کی قربانیوں پر خصوصی خراج عقیدت پیش کیا جو وہ روزانہ ڈیوٹی کے دوران دیتے رہتے ہیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں