یوم پاکستان ہمیں قیام پاکستان کے بنیادی اصولوں، قربانیوں کی اہمیت یاد دلاتا ہے:سادات شاہ
اسلام آباد(سید جاوید حسن شاہ)لیک شور کلب کے چیئرمین اور یوتھ ایکسیلنس سالیڈیرٹی (YES) پاکستان کے صدرسید سادات حسین شاہ نے 23 مارچ کی تاریخی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ دن ہمیں قیام پاکستان کے بنیادی اصولوں، قربانیوں اور اتحاد کی اہمیت یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل پاکستان کا مستقبل ہے اور ان کی مثبت صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لیے مواقع فراہم کرنا وقت کی ضرورت ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیک شور کلب کے ہیڈ آفس بلیو ایریا میں 23 مارچ کی مناسبت سے منعقدہ پروقار تقریب میں کیا۔تقریب میں مختلف کاروباری، سماجی اور تعلیمی شعبوں سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات نے شرکت کی، جنہوں نے پاکستان کے یومِ قرارداد کی اہمیت کو اجاگر کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئےانہوں نے مزید کہا کہ یوتھ ایکسیلنس سالیڈیرٹی (YES) پاکستان نوجوانوں کو قیادت، یکجہتی اور ترقی کے اصولوں پر آگے بڑھنے کی ترغیب دیتا ہے، تاکہ وہ ملکی استحکام میں اپنا مؤثر کردار ادا کر سکیں. تقریب کا اختتام قومی ترانے اور پاکستان کی خوشحالی و استحکام کے لیے خصوصی دعا کے ساتھ کیا گیا، جس میں تمام شرکاء نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔












