ہینڈ آؤٹ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز کی واپسی کے حوالے سے اجلاس
اسلام آباد (زاہد یعقوب خواجہ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز کی واپسی کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں غیر قانونی غیر ملکیوں کی وطن واپسی کے پروگرام (IFRP) کے تحت جاری اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ یہ پروگرام نومبر 2023 سے جاری ہے اور اس کے دوسرے مرحلے میں افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز کو 31 مارچ تک پاکستان رضاکارانہ طور پر چھوڑنے کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے۔ اس حوالے سے وفاق اور صوبائی حکومتوں کے درمیان افغان سیٹیزن کارڈ ہولڈرز کی واپسی کے حوالے سے مسلسل رابطہ ہے اور صوبائی حکومتوں کو اس ضمن میں وفاق کی جانب سے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا جبکہ وزیراعلی کے پی کے کی تجاویز پر کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔
وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری صوبوں کا دورہ کریں گے تاکہ واپسی کے عمل میں پیش آنے والے مسائل کا ازالہ کیا جا سکے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے غیر ملکیوں سے اچھے برتاؤ کی ہدایت کی۔ اجلاس میں وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری، وفاقی سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری کشمیر افیئرز و سیفران، تمام صوبوں کے چیف سیکرٹریز، آئی جیز، ڈی جی ایف آئی اے، آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈی سی اسلام آباد، کوآرڈینیٹر نیشنل ایکشن پلان، وزارت خارجہ، وزارت قانون اور سیکیورٹی اداروں کے نمائندے شریک ہوئے۔ اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ افغان سیٹیزن کارڈ ہولڈرز کی واپسی کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں گھر گھر جا کر آگاہی مہم چلائی جا رہی ہے۔ افغان سیٹیزن کارڈ ہولڈرز کی میپنگ کا کام بھی مکمل کیا جا چکا ہے جبکہ واپس جانے والوں کے لیے ہولڈنگ سینٹرز، خوراک اور صحت کی سہولیات کے بھی انتظامات کئے گئے ہیں۔









