انگلش پریمیئر لیگ،مانچسٹر سٹی،آسٹن ولا اور ناٹنگھم فارسٹ نے اپنے میچز جیت لئے
لندن(نمائندہ خصوصی)دفاعی چیمپئن مانچسٹر سٹی نے انگلش پریمیئر لیگ کے ایک میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لیسٹر سٹی کی ٹیم کو 0ـ2گول سے ہرا دیا،ایک اور میچ میں آسٹن ولا نے برائٹن اینڈ ہوو البیون کو0ـ3 گول سے ہرا دیا جبکہ ناٹنگھم فارسٹ نے مانچسٹر یونائیٹڈ کو سخت مقابلے کے بعد 0ـ1 گول سے ہرا دیا۔پریمیئر لیگ کے دلچسپ مقابلے انگلینڈ میں جاری ہیں۔اتحاد سٹیڈیم، مانچسٹر میں کھیلے گئے لیگ کے اہم میچ میں دفاعی چیمپئن مانچسٹر سٹی اور لیسٹر سٹی کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں جس میں عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مانچسٹر سٹی نے لیسٹر سٹی کی ٹیم کو 0ـ2 گول سے ہرا دیا۔ جیک گریش اورعمر مرموش نے ایک ایک گول کر کے اپنی ٹیم مانچسٹر سٹی کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
امریکن ایکسپریس اسٹیڈیم، فالمر میں کھیلے گئے میچ میں آسٹن ولا اور برائٹن اینڈ ہوو البیون کی ٹیمیں نبرد آزما تھیں جس میں آسٹن ولا کی ٹیم نے با آسانی برائٹن اینڈ ہوو البیون کی ٹیم کو 0ـ3 گول سے ہرا دیا۔مارکس راشفورڈ مارکو ایسینسیو اور ڈونیل میلن نے ایک ایک گول سکور کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔یہ ای پی ایل میں آسٹن ولا کی 13 ویں فتح ہے۔ناٹنگھم فارسٹ اور مانچسٹر یونائیٹڈ کی ٹیم سٹی گرائونڈ ناٹنگھم میں آمنے سامنے تھیں جس میں انتہائی سخت مقابلے کے بعد میزبان ناٹنگھم فارسٹ کی ٹیم نے مانچسٹر یونائیٹڈ کی ٹیم کو 0ـ1 گول سے ہرا دیا۔انتھونی ایلنگا نے میچ کا واحد گول میچ کے آغاز ہونے کے بعد پانچویں منٹ پر سکور کیا، جس کے بعد دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملے کئے تاہم کوئی ٹیم گول نہ کرسکی اور یوں ناٹنگھم فارسٹ نے مانچسٹر یونائیٹڈ کی ٹیم میچ میں 0ـ1 گول سے ہرا دیا۔












