وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت نیکٹا کے بورڈ آف گورنرز کا 5واں اجلاس
اسلام آباد (زاہد یعقوب خواجہ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت نیکٹا کے بورڈ آف گورنرز کا 5واں اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کی بھی شرکت- اس موقع پر نیشنل کوآرڈینیٹر نیکٹا ڈاکٹر خالد چوہان نے بورڈ ممبران کو تفصیلی بریفنگ دی ۔اجلاس میں نیکٹا کے تحت قائم ہونے والے ادارے نیشنل انٹیلیجنس فیوژن اینڈ تھریٹ اسیسمنٹ سنیٹر (NIFTAC) کی منظوری دی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ دہشتگردی کے مکمل سدباب کے لئے متعلقہ اداروں کی مشاورت کے بعد اس ادارے کا قیام عمل میں لایا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمام صوبائی دارالحکومتوں میں بھی PIFTAC کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس ادارے کا قیام نیکٹا کے حقیقی مقاصد کے حصول کی طرف ایک اہم قدم ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ نفٹیک (NIFTAC) کا قیام نیشنل ایکشن پلان پرمکمل عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے کارآمد ہوگا۔ وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ نیکٹا کی استعداد کار بڑھانے میں NIFTAC موثر کردار ادا کرے گا۔سینیٹرز منظور احمد، سینیٹر پونجو مل بھیل، سیکرٹری داخلہ، چیف کمشنر اسلام آباد نے بھی نیکٹا بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں شرکت کی۔ مزید برآں،چاروں صوبائی سیکرٹریز داخلہ بطور ممبر نیکٹا بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں شریک ہوئے۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان بھی اس موقع پر موجود تھے۔اجلاس میں نیشنل کوآڈینیٹر نیکٹا ڈاکٹر خالد چوہان کی پیش کردہ تمام سفارشات کی منظوری دی گئی۔












