پاکستانی اسکواش کھلاڑی عشب عرفان کی شاندار کامیابی، سینٹ لوئس اوپن 2025 کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا

اسلام آباد (سید جاوید حسن شاہ) پاکستانی اسکواش کھلاڑی عشب عرفان نے امریکہ میں منعقدہ سینٹ لوئس اوپن 2025 کا ٹائٹل جیت کر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ یہ ایونٹ آر سی پرو سیریز کا حصہ تھا، جس کی انعامی رقم 15,000 امریکی ڈالر تھی۔عشب عرفان نے فائنل میں برطانوی کھلاڑی چارلی لی کو سٹریٹ سیٹس میں 3-0 سے شکست دی۔ میچ 37 منٹ تک جاری رہا، جس میں عشب نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے چارلی لی کو 11-7، 11-2 اور 11-7 سے مات دی۔
عشب کے کوچ جہانزیب مسعود کے مطابق، اس وقت عشب عرفان کی عالمی رینکنگ 66ویں نمبر پر ہے، تاہم اس جیت کے بعد ان کی رینکنگ میں بہتری آتے ہوئے 57ویں نمبر تک پہنچنے کا قوی امکان ہے۔ جہانزیب مسعود نے کہا کہ یہ جیت عشب کی انتھک محنت، لگن اور استقامت کا ثمر ہے۔ یہ نہ صرف انفرادی کامیابی ہے بلکہ پاکستانی اسکواش کے روشن مستقبل کی بھی نوید ہے۔ یاد رہے کہ صرف 20 سال کی عمر میں عالمی سطح پر یہ کامیابی حاصل کرنا ایک اہم سنگ میل ہے، جس سے نوجوان کھلاڑیوں کو بھی نیا حوصلہ ملے گا۔

100% LikesVS
0% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں