اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ میں وقفے اور یرغمالیوں کی رہائی پر اتفاق ہوگیا
اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ میں وقفے پر اتفاق ہوگیا۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ میں وقفے پر اتفاق کا اعلان قطر نے کیا۔
عر ب میڈیا کا کہنا ہےکہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ میں 4 روز کے وقفے پر اتفاق کا معاہدہ کیا گیا ہے جس کے تحت فلسطینی مزاحمت گروپ 7 اکتوبر سے یرغمال بنائے گئے افراد کو رہا کرے گا جس میں 50 خواتین اور بچوں کو رہا کیا جائے گا۔
عرب میڈیا کے مطابق معاہدے کے تحت اسرائیلی قید سے 150 فلسطینی رہا کیے جائیں گے۔
اس سے قبل اسرائیلی وزیراعظم کی زیر صدارت کابینہ ا جلاس میں حماس کے ساتھ غزہ کے یرغمالیوں کی رہائی کے معاہدے کی منظوری دی تھی۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی حکومت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی حکومت نے غزہ میں حماس کے زیر حراست 50 افراد کی رہائی کے بدلے فلسطینی قیدیوں کی رہائی اور عارضی جنگ بندی کےمعاہدے کی منظوری دے دی ہے۔
برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق معاہدے کی منظوری کیلئے کابینہ اجلاس سے قبل اسرائیلی وزیراعظم نے اپنی جنگی کابینہ اور نیشنل سکیورٹی کابینہ سے مشاورت کی۔
کابینہ اجلاس میں اسرائیلی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ امریکی صدر جو بائیڈن کی مدد سے عارضی جنگ بندی اور حماس کے پاس قید یرغمالیوں کی رہائی اور عارضی جنگ بندی کے معاہدے پر پہنچے ہیں لیکن اسرائیل اپنا مشن جاری رکھے گا اس میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔
اس سے قبل حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی جانب سے بھی جنگ بندی معاہدے کے قریب پہنچنے کا عندیہ دیا گیا تھا۔









