ازبکستان ایمبیسی اور سینٹورس مال کے اشتراک سے “میڈ ان ازبکستان” فوڈ ایکسپو کا آغاز
اسلام آباد (زاہد یعقوب خواجہ) ازبکستان ایمبیسی کے تعاون سے سینٹورس مال میں تین روزہ “میڈ ان ازبکستان” فوڈ ایکسپو کا آغاز ہوگیا۔ اس نمائش میں ازبکستان کی اعلیٰ معیار کی خوراکی مصنوعات پاکستانی عوام کے لیے پیش کی جا رہی ہیں۔ اس ایکسپو میں ازبکستان کی 50 بڑی برآمد کنندہ کمپنیاں شرکت کر رہی ہیں، جن کی 50 سے زائد منتخب مصنوعات نمائش کے لیے رکھی گئی ہیں۔افتتاحی تقریب میں ازبکستان کے سفیر علیشر تخطایوف، سی ای او سینٹورس گروپ اور صدر آئی ڈی اے سردار یاسر الیاس خان، ملائشیا کے ہائی کمشنر محمد اظہر مزلان، ترکمانستان کے سفیر آتاجان موولاموف، کرغزستان کے سفیر عوازبیک اتاخانوف، پرتگال کے سفیر فریڈریکو سلوا، سری لنکا کے ہائی کمشنر کرسٹی روبن، تاجکستان کے سفیر شریف زودا یوسف توئیر، قازقستان کے سفیر یرژان کسٹافن اور آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے شرکت کی۔ اس موقع پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ناصر ایم قریشی بھی موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ ایسی نمائشیں غیر ملکی کاروباری افراد اور سرمایہ کاروں کو کاروباری مواقع تلاش کرنے، مشترکہ منصوبے بنانے اور شراکت داری قائم کرنے میں مدد دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایکسپو مقامی کاروباری افراد کو بین الاقوامی خریداروں، ڈسٹری بیوٹرز اور کاروباری شراکت داروں سے جُڑنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سینٹورس مال مستقبل میں بھی ایسے ایونٹس کا انعقاد جاری رکھے گا تاکہ مختلف ممالک کو اپنے برانڈز، مصنوعات اور خدمات کو پاکستانی مارکیٹ میں متعارف کرانے کا موقع ملے۔
ازبکستان کے سفیر علیشر تخطایوف نے سینٹورس مال کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے ایونٹس دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اقتصادی اور سفارتی تعلقات قائم کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں اور باہمی تجارتی اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔پاکستان کے وزیرِاعظم اور حکومتِ ازبکستان نے دو طرفہ تجارت کو 2 ارب ڈالر تک بڑھانے کا عزم ظاہر کیا ہے، جو کہ ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ اس مقصد کے لیے دو طرفہ تجارت اور تعاون کو تیزی سے فروغ دینے کی کوششیں جاری ہیں۔









