این ڈی ایم اے کا ملک بھر میں موسمی الرٹ، 18 سے 23 اپریل تک بارش، آندھی اور ژالہ باری کی پیشگوئی
اسلام آباد (سید جاوید حسن شاہ): نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے ملک کے مختلف حصوں میں 18 سے 23 اپریل تک ممکنہ موسمی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ این ای او سی کے مطابق بالائی اور وسطی پنجاب میں 18 اور 19 اپریل کے دوران وقفے وقفے سے گرج چمک، آندھی اور طوفان کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔
اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی، سرگودھا، گجرات، گوجرانوالہ، فیصل آباد، لاہور اور ڈیرہ غازی خان سمیت گردونواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ جنوبی پنجاب میں زیادہ تر موسم خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، تاہم 18، 19 اور 23 اپریل کو چند مقامات پر ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔
بلوچستان کے شمالی اور مغربی اضلاع کوئٹہ، ژوب، زیارت، قلات، تربت، خضدار اور قلعہ سیف اللہ میں 18، 19، 22 اور 23 اپریل کو گرج چمک اور آندھی کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ گوادر اور ساحلی علاقوں میں 19، 20 اور 23 اپریل کو تیز ہواؤں اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔
سندھ کے علاقوں خیرپور، سکھر، حیدرآباد، عمرکوٹ، مٹھی، بدین، کراچی اور کیٹی بندر میں 19 اور 20 اپریل کو آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ صوبے کے کئی اضلاع میں دن کا درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کی توقع ہے۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بارش اور آندھی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ بالائی اور پہاڑی علاقوں میں بعض مقامات پر برفباری بھی ہو سکتی ہے۔ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے علاقوں میں بھی 18، 19، 22 اور 23 اپریل کو تیز ہواؤں اور موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق تیز ہوائیں، آسمانی بجلی اور ژالہ باری کمزور تعمیرات، درختوں اور بجلی کی تنصیبات کو نقصان پہنچا سکتی ہیں، جبکہ بارش کے باعث سڑکیں پھسلن کا شکار ہو کر ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں، جبکہ سیاح شمالی علاقوں کا سفر کرنے سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال ضرور چیک کریں۔
عوام کو بروقت معلومات کے لیے این ڈی ایم اے کی آفیشل ایپ “پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ” استعمال کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔ این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔









