سری لنکا اور بنگلہ دیش سیریز کا تیسرا اور آخری ٹی ٹونٹی کرکٹ میچ بدھ کوکھیلا جائے گا
کولمبو (نمائندہ خصوصی) سری لنکا اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا تیسرا اور آخری میچ (بدھ کو)آر پریما داسا سٹیڈیم کولمبو میں کھیلا جائے گا۔دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز 1ـ1 سے برابر ہے اسطرح یہ آخری میچ فائنل کی صورت اختیار کر گیا ہے۔ سری لنکن ٹیم نے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں بنگلہ دیش کو 7 وکٹوں سے مات دی تھی جبکہ بنگلہ دیشی ٹیم نے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں جاندار کم بیک کرتے ہوئے میزبان آئی لینڈرز کو 83 رنز سے نا صرف شکست دی بلکہ تین میچوں کی سیریز بھی 1ـ1 سے برابر کر دی۔
اس سے قبل دونوں ٹیموں کیدرمیان کھیلی گئی دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز 0ـ1 سے سری لنکن ٹیم نے جیت لی تھی جبکہ تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز بھی میزبان آئی لینڈرز نے 1ـ2 سے جیت لی تھی۔ تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز میں آئی لینڈرز کو چارتھ اسالنکا لیڈ کریں گے جبکہ بنگلہ دیش کی ٹیم کی قیادت لٹن داس کریں گے۔واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کا تیسرا اور آخری ٹی ٹونٹی میچ 16 جولائی کو آر پریما داسا سٹیڈیم کولمبو میں کھیلا جائے گا۔












