قومی اسمبلی کا اجلاس، نومنتخب اراکین حلف اٹھائیں گے
16 ویں قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں، مجوزہ شیڈول کے مطابق آج 10 بجے نومنتخب ارکان اسمبلی حلف اٹھائیں گے۔اسمبلی سیکرٹریٹ کے حکام کے علاوہ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی بھی 29 فروری کو مجوزہ نو منتخب قومی اسمبلی کے پہلے اجلاس کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں۔مجوزہ شیڈول کے مطابق آج نومنتخب ارکان قومی اسمبلی حلف اٹھائیں گے۔اجلاس میں اسپیکر اسمبلی راجا پرویز اشرف نو منتخب ارکان سے حلف لیں گے، حلف کے بعد تمام ارکان رجسٹر پر دستخط بھی کریں گے۔قومی اسمبلی میں پہلے مرحلہ مکمل ہو جانے کے بعد دوسرے مرحلے میں یکم مارچ کو اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کیلئے کاغذات نامزدگی جمع ہوں گے، جس کے بعد اگلے دن 2 مارچ کو خفیہ رائے شماری کے ذریعے ایوان کے نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب ہوگا۔اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے بعد اگلے مرحلے میں انتخاب ہوگا قائد ایوان یعنی وزیر اعظم کے انتخاب کیلئے کاغذات نامزدگی 3 مارچ کو جمع کیے جائیں گے اور 4 مارچ کو اسمبلی نئے وزیراعظم کا انتخاب کرے گی۔16ویں قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس میں نومنتخب ارکان کا ریڈ کارپٹ استقبال کیا جائے گا، نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے الیکشن کے شیڈول کے اعلان کے بعد کارروائی کو ملتوی کر دیا جائے گا۔قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس کے موقع پر ریڈ زون میں سیکیورٹی الرٹ ہے اور غیر متعلقہ افراد کا پارلیمنٹ کے اطراف اور شاہراہ دستور پر داخلہ بند کر دیا گیا ہے۔پارلیمنٹ کے داخلی راستوں پر اسلام آباد پولیس کی نفری تعینات ہے پارلیمنٹ کی حدود میں صرف مخصوص کارڈز، اسٹیکرز والی گاڑیوں کو داخل ہونے کی اجازت ہے۔











