قومی اسمبلی کی ہاؤس بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس

اسلام آباد (زاہد یعقوب خواجہ) قومی اسمبلی کی ہاؤس بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس آج اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی صدارت میں پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں قومی اسمبلی کے 16ویں اجلاس کے ایجنڈے اور دورانیے پر تفصیلی غور کیا گیا۔ کمیٹی نے قومی اسمبلی کا موجودہ اجلاس 16 مئی 2025 تک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایوان میں پہلگام واقعے کے بعد پیدا ہونے والی پاک-بھارت کشیدہ صورتحال پر سیر حاصل بحث کی جائے گی۔ اجلاس کے دوران بھارت کی جانب سے پہلگام حملے پر جھوٹے الزامات کی شدید مذمت کی گئی۔ کمیٹی نے اتفاق کیا کہ بھارت کے جھوٹے پروپیگنڈے کو عالمی سطح پر بے نقاب کرنے کے لیے حکمت عملی اپنائی جائے گی۔
مزید برآں، اجلاس میں پاک-بھارت صورتحال پر ایک متفقہ قرارداد لانے پر بھی اتفاق ہوا، جس پر تمام سیاسی جماعتوں نے اتفاق رائے ظاہر کیا۔ کمیٹی اجلاس میں ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ، وفاقی وزراء رانا تنویر حسین، اعظم نذیر تارڑ، طارق فضل چوہدری، خالد حسین مگسی کے علاوہ اراکین اسمبلی شہلا رضا، اعجاز جاکھرانی، عامر ڈوگر، اعجاز الحق، نور عالم خان، طلال چوہدری، سید امین الحق، شازیہ مری، زرتاج گل، پولین بلوچ، گل اصغر خان اور ریاض فتیانہ نے شرکت کی۔

100% LikesVS
0% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں