مرتضی سولنگی نے مریم اورنگزیب کو وزیر اطلاعات و نشریات کے واٹس ایپ گروپ سے نکلوا دیا
اسلام آباد(غلام مرتضی) نگران وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی نے سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب اور دیگر مبینہ ن لیگی ورکرز کو وزارت اطلاعات و نشریات کے واٹس ایپ گروپ سے ڈیلیٹ کروا دیا۔
ذرائع کے مطابق نگران وزیر اطلاعات و نشریات مرتضی سولنگی نے ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلیکیشن سیل کا ہفتہ کے روز اچانک دورہ کیا،اس دوران انکشاف ہوا کہ میڈیا مانیٹرنگ سیل میں موجودسرکاری موبائل فون سے ن لیگ کے رہنماؤں کو خبریں اور رپورٹس حکومت ختم ہونے کے باوجود شیئر کی جا رہی تھی اس پر نگران وزیر اطلاعات نے افسران کو ڈانٹ پلاتے ہوئے تمام لیگی رہنماؤں بشمول مریم اورنگزیب کا موبائل نمبر سرکاری موبائل سے ڈیلیٹ کروا دیا۔
ذرائع نے بتایا کہ نگران وزیر اطلاعات نے بعد میں خود کو واٹس ایپ گروپ کا ایڈمن بھی بنا دیا اور افسران سے کہا کہ مجھے کیوں اس بارے نہیں بتایا گیا،ذرائع نے مزید بتایا کہ نگران وفاقی وزیر مرتضی سولنگی نے 78 کروڑ روپے کی لاگت سے بننے والے مانیٹرنگ سیل پر بھی تحفظات کا اظہار کیا۔










