مزدور کی محنت قوموں کی تعمیر کی بنیاد ہے: ایوب مریانی
اسلام آباد (سید جاوید حسن شاہ) یکم مئی کو یوم مزدور کے سلسلے میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز محمد ایوب مریانی نے کہا کہ مزدور کی محنت قوموں کی تعمیر کی بنیاد ہے۔ انہوں نے یوم مزدور پر تمام مزدوروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہر شعبے کی ترقی کے پیچھے مزدوروں کا پسینہ شامل ہے، جس پر ہم ان کے عزم کو سراہتے ہیں کیونکہ مزدور کی لگن اور ایمانداری معاشرے کا حقیقی سرمایہ ہے۔
صدر کوئٹہ چیمبر نے مزید کہا کہ یوم مزدور ہمیں یاد دلاتا ہے کہ انصاف، مساوات اور وقار ہر مزدور کا حق ہے۔ چاہے فلک بوس عمارتیں ہوں، ہموار سڑکیں ہوں یا ایک ترقی یافتہ معاشرہ، ہر چیز کی تعمیر میں مزدور کی انتھک محنت شامل ہے۔ مزدوروں کے بغیر دنیا کا پہیہ رک جائے گا۔ آئیے عہد کریں کہ ہم ان کے حقوق کا احترام کریں گے اور ان کی محنت کی قدر کریں گے۔












