نادرا بگ باؤنٹی چیلنج 2026 کی اختتامی تقریب، مقابلے ملک بھر میں منعقد کئے گئے

اسلام آباد (زاہد یعقوب خواجہ):نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کا پہلا “بَگ باؤنٹی چیلنج 2026″، نادرا ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ تقریب کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔ نادرا کی جانب سے ان مقابلوں کا آغاز جنوری 2026 میں کیا گیا۔ اس سرگرمی کا مقصد ذمہ دارانہ انداز میں سکیورٹی کمزوریوں کی نشاندہی کرنا ان پر قابو پا کر پاکستان کے ڈیجیٹل شناختی نظام کو مزید مضبوط بنانا تھا۔ “اڑان پاکستان” پروگرام کے تحت یہ مقابلے ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)، پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی اور نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم آف پاکستان (پی کے سرٹ) کے اشتراک سے منعقد کئے گئے۔
علاقائی سطح کے مقابلوں میں ملک بھر سے 27 ٹیموں پر مشتمل 88 طلبہ اور ماہرین نے حصہ لیا۔ یہ مقابلے ملک کی مایہ ناز یونیورسٹیوں میں منعقد کئے گئے جن میں غلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی صوابی، نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی اسلام آباد، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور اور این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کراچی شامل ہیں۔ مقابلوں میں سرحد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پشاور، یونیورسٹی آف گجرات، ملٹری کالج آف سگنلز راولپنڈی سمیت مجموعی طور پر 27 پارٹنر یونیورسٹیوں نے حصہ لیا۔
اختتامی تقریب نادرا ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوئی جس میں نادرا کی سینئر قیادت، پارٹنر اداروں کے نمائندوں اور مقابلے میں حصہ لینے والی ٹیموں نے شرکت کی۔ اس موقع پر نمایاں کارکردگی دکھانے والی ٹیموں کو اعزازات سے نوازا گیا۔ یو ای ٹی لاہور (فیصل آباد کیمپس) نے پہلا اور پاک آسٹریا فاخشولے انسٹی ٹیوٹ ہری پور نے دوسرا انعام حاصل کیا۔ مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی جامشورو اور بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کی ٹیموں کو حوصلہ افزائی کے انعامات سے نوازا گیا۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے نادرا کے چیف انفارمیشن سکیورٹی آفیسر ڈاکٹر مونس اخلاق نے کہا کہ “بَگ باؤنٹی چیلنج” کا آغاز اس مقصد کے تحت کیا گیا ہے کہ سائبرسکیورٹی کے شعبے میں نوجوانوں کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔ ان مقابلوں کی بدولت طلبہ کو اپنی صلاحیتیں آزمانے، سائبر سیکیورٹی کے اصول سیکھنے اور پاکستان کے ڈیجیٹل مستقبل کے تحفظ میں براہِ راست اپنا کردار ادا کرنے کا ایک منفرد موقع ملا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں