وزیراعظم سے Afiniti کے سی ای او جیرومی کیپیلس کی ملاقات، پاکستان کے آئی ٹی شعبے میں مزید سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال

اسلام آباد(زاہد یعقوب خواجہ)وزیراعظم محمد شہباز شریف سے معروف امریکی ملٹی نیشنل آئی ٹی کمپنی Afiniti کے سی ای او جیرومی کیپیلس (Jerome Kapelus) کی سربراہی میں 4 رکنی وفد نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے Afiniti کی پاکستان کے آئی ٹی شعبے میں مزید سرمایہ کاری میں دلچسپی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں باصلاحیت افرادی قوت موجود ہے جو عالمی مارکیٹ میں مسابقتی بنیادوں پر کام کرنے کی مکمل اہلیت رکھتی ہے۔
وزیراعظم نے Afiniti کو پاکستان میں عالمی معیار کا کال سینٹر قائم کرنے کی تجویز پیش کی تاکہ قومی اور بین الاقوامی صارفین کو خدمات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ خود ملک کے نوجوانوں کو آئی ٹی، مصنوعی ذہانت (AI) اور دیگر جدید مہارتوں سے لیس کرنے کے منصوبے کی نگرانی کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کا ہدف 25 ارب ڈالر کی آئی ٹی برآمدات ہے، جس کے لیے آئی ٹی کمپنیوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
Afiniti وفد نے پاکستانی آئی ٹی پیشہ ور افراد کی قابلیت اور شعبے کی ترقی کے لیے ان کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا آئی ٹی شعبہ سرمایہ کاری اور کاروبار کے لیے انتہائی موزوں ہے۔ جیرومی کیپیلس نے بتایا کہ اس وقت Afiniti پاکستان میں 1,000 سے زائد باصلاحیت اور قابل پاکستانی ماہرین کو روزگار فراہم کر رہی ہے اور پاکستانی نوجوانوں میں بے پناہ استعداد موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی تربیت یافتہ افرادی قوت ہی Afiniti کی علاقائی کامیابی کی بنیاد ہے۔ملاقات میں وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ سرکاری افسران بھی شریک تھے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں