وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کی جاپانی سفیر سے اہم ملاقات

اسلام آباد (غلام مرتضی) وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے پاکستان میں تعینات جاپانی سفیر کی اہم ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں دو طرفہ تجارت، سرمایہ کاری، اور اقتصادی تعاون بڑھانے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ دونوں ممالک نے پاکستان اور جاپان کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ وفاقی وزیر نے پاکستان-جاپان بزنس فورم کے قیام کی تجویز پیش کی تاکہ کاروباری طبقے کے مابین براہ راست روابط کو فروغ دیا جا سکے۔ جام کمال خان نے پاکستانی برآمدات میں حالیہ کمی پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ برآمدی منڈیوں کو متنوع بنانے کے لیے سنجیدہ کوششیں جاری ہیں۔ اجلاس میں سیکریٹری تجارت نے جاپان کے ساتھ ترجیحی تجارتی معاہدہ (PTA) کی تجویز بھی پیش کی۔

جاپانی سفیر نے پاکستان کے ٹیرف سے متعلق خدشات کو دور کرنے کی یقین دہانی کرائی اور دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی سہولتوں کو بہتر بنانے پر زور دیا۔ فریقین نے کاروباری افراد کے لیے ویزا سہولیات میں بہتری کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا، جبکہ جاپانی سرمایہ کاروں کو ٹیکسٹائل، سرجیکل آلات اور سمندری خوراک کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی گئی۔ اس موقع پر جاپانی سفیر نے اوساکا ایکسپو 2025 میں پاکستان کے ٹائپ-سی پویلین کو عالمی سطح پر سراہنے پر خوشی کا اظہار کیا۔ ملاقات میں بتایا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف جلد جاپانی کمپنیوں کے نمائندوں سے اہم ملاقات کریں گے تاکہ دو طرفہ سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا سکے.

100% LikesVS
0% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں