پاکستانی تاجروں کے 200 رکنی وفدکی ایران ایکسپو 2025میں شرکت
تہران (نمائندہ خصوصی) پاکستانی تاجروں کے 200 رکنی وفدنے ایران ایکسپو 2025میں شرکت کی اور نمائش کو دونوںہمسایہ ممالک کے درمیان خوراک و مشروبات، زراعت و ماہی پروری، صنعت و انجینئرنگ، قالین بافی، دستکاری اور سیاحت، دوا سازی، طبی آلات اور کیمیکل مصنوعات، فنی و انجینئرنگ کے شعبے میں خدمات، اور پیٹروکیمیکل کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے حوالے سے ایک اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔ عامر خان جنخیل کی قیادت میں تاجروفد میں پاکستان کے مختلف ایوان ہائے صنعت وتجارت کے نمائندے بھی شامل تھے۔
تہران کی مستقل بین الاقوامی نمائش گاہ میں منعقدہ ایران ایکسپو 2025 ایران کی برآمدات پر مبنی بین الاقوامی نمائش کا ساتواں ایڈیشن ہے جس کا عنوان ”عالمی تجارت کی جانب ایک دروازہ “ رکھا گیا۔ نمائش ایران کے اقتصادی و سیاسی میدان میں اہم سالانہ واقعات میں شمار کی جاتی ہے۔ایران کی تنظیم برائے تجارت و ترقی کے سربراہ محمدعلی دہقان دہنوی کا کہنا ہے کہ نمائش کے علاوہ ”ایران-افریقہ تعاون اجلاس“ ، سال 2025 کے مرکزی اقتصادی و سفارتی مواقع میں سے ہیں۔نمائش میں 800 سے زائد ایرانی کمپنیاں جبکہ 39 ممالک سے تعلق رکھنے والے 2500 سے زیادہ غیر ملکی تاجر بھی شریک ہوئے۔
اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او)، اسلامی تعاون تنظیم (اوآئی سی) اور شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سیکریٹری جنرل نمائش کے مہمانان خصوصی کے طور پر شریک ہوئے۔ عامر حسین جنخیل نے کہا کہ پاکستانی تاجروں کی بڑی بھرپور نمائندگی رہی اور دوطرفہ تجارتی مواقع بڑھانے کے حوالے سے نہایت مفید بات چیت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ صرف ایران ہی نہیں، دیگر ممالک کے تاجروں سے ملاقات اور دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے مشترکہ منصوبوں کے حوالے سے بھی بہت اچھی پیش رفت رہی۔ انہوں نے بہترین انتظامات پر ایران کی حکومت اور نمائش کے منتظمین کو سراہا اور مبارکباد دی۔











