پاکستان اور یو اے ای کے درمیان تعلیم، اسکلز ڈیولپمنٹ اور انسانی وسائل میں تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق

اسلام آباد (غلام مرتضی): وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر نے پیر کے روز متحدہ عرب امارات کے سفیر سالم الزعبی سے یو اے ای ایمبیسی اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران تعلیم، ٹیکنیکل و ووکیشنل ٹریننگ، اسکلز ڈیولپمنٹ اور انسانی وسائل کے تبادلے کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر مملکت وجیہہ قمر نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان نوجوانوں کی ملازمت سے متعلق مہارتوں کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرنے پر خصوصی توجہ دے رہا ہے تاکہ وہ عالمی لیبر مارکیٹ کی ضروریات پوری کر سکیں۔ انہوں نے مشترکہ سرٹیفکیشن پروگرامز، اساتذہ و طلبہ کے تبادلے کے اقدامات اور استعداد سازی کے منصوبوں میں تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
ملاقات میں پاکستان کے اعلیٰ تعلیمی اداروں اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے درمیان تعاون کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا، جن میں تعلیمی اسناد کی باہمی تسلیم، تحقیقی تعاون اور تعلیمی نقل و حرکت کے فروغ پر بات چیت شامل تھی۔ دونوں فریقین نے ترجیحی شعبوں میں ہنرمند افرادی قوت کے منظم تبادلے کے لیے ایک مؤثر اور مربوط نظام کی تشکیل میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا، تاکہ دونوں ممالک کی افرادی قوت کو فائدہ پہنچے اور مشترکہ معاشی ترقی کو فروغ ملے۔
یو اے ای کے سفیر سالم الزعبی نے پاکستان کے ساتھ تعلیم اور مہارتوں پر مبنی تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کی شراکت داری طویل المدتی دوطرفہ تعلقات کے استحکام اور انسانی وسائل کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی۔ ملاقات کے اختتام پر اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ تعلیم اور ٹیکنیکل ٹریننگ کے شعبوں میں تعاون کے لیے ٹھوس فریم ورک تیار کیے جائیں گے، جبکہ عوامی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ اقدامات بھی کیے جائیں گے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں