پاک افواج ملک کی سلامتی اور خودمختاری کی ضامن، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت عالمی سطح پر قابلِ فخر ہے: سردار یاسر الیاس خان
اسلام آباد(زاہد یعقوب خواجہ): وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے سیاحت سردار یاسر الیاس خان نے پاک افواج کو ملک کی سلامتی، وقار اور خودمختاری کی ضامن قوت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج دنیا کی بہترین، منظم اور پیشہ ور دفاعی قوتوں میں شمار ہوتی ہیں، جبکہ چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت کو عالمی سطح پر نمایاں اور قابلِ فخر قرار دیا جاتا ہے۔
معرکہ حق کے حوالے سے اپنے بیان میں سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن اور ذمہ دار ریاست ہے جو ہمیشہ امن، استحکام اور سفارتکاری کو ترجیح دیتی ہے، تاہم جب بھی ملک کی سرحدوں، خودمختاری یا قومی وقار کو چیلنج کیا گیا، پاک افواج نے غیر معمولی جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور فیصلہ کن حکمت عملی کے ساتھ ہر چیلنج کا بھرپور جواب دیا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس مئی کے تاریخی لمحات قوم کے اجتماعی شعور میں ہمیشہ زندہ رہیں گے، جب پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی رہی اور اتحاد و یگانگت کی ایک مضبوط مثال قائم کی گئی۔ ان کے مطابق یہ لمحے قومی تاریخ میں “سیسہ پلائی دیوار” کی علامت کے طور پر یاد رکھے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کے عظیم ترین عسکری رہنماؤں میں شمار کیے جاتے ہیں، جن کی بصیرت، جرات اور دور اندیشی نے پاک فوج کے وقار اور ملکی دفاعی صلاحیتوں کو نئی بلندیوں تک پہنچایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وطن کے شہداء اور غازیوں کی قربانیاں پاکستان کی تاریخ کا سنہری باب ہیں، جن کی بدولت ملک آج محفوظ اور مضبوط ہے۔ ان قربانیوں کے باعث پاکستان کی مٹی آج بھی زرخیز اور محفوظ ہے۔
سردار یاسر الیاس نے کہا کہ پاکستان آج بھی مضبوط تھا، مضبوط ہے اور ہمیشہ مضبوط رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ قوم اپنے بہادر سپاہیوں اور افواج کے ساتھ ہر لمحہ کھڑی ہے۔











