پنجاب فوڈ اتھارٹی کے دودھ کی حفاظتی اقدامات عوام کے لئے اہم ہے: پی ڈی اے
اسلام آباد (زاہدیعقوب خواجہ): پاکستان ڈیری ایسوسی ایشن (پی ڈی اے) نے محفوظ دودھ مہم کے تحت شہریوں کو محفوظ، غذائیت سے بھرپور اور صحت بخش دودھ کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی (پی ایف اے) کی کاوشوں کو سراہا ہے۔ پی ڈی اے کی سی ای او ڈاکٹر امین نے کہا کہ محفوظ دودھ مہم ایک جرات مندانہ اور قابلِ تحسین اقدام ہے جو عوامی صحت کے تحفظ اور فوڈ سیفٹی کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی کے واضح عزم کی عکاسی کرتا ہے، جسے حکومتِ پنجاب کی بھرپور حمایت حاصل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کا ہر گھر تک محفوظ اور غذائیت سے بھرپور دودھ پہنچانے کا وژن نہ صرف بروقت ہے بلکہ آنے والی نسلوں کی صحت کے تحفظ کے لیے بھی انتہائی ضروری ہے۔
تفصیلات کے مطابق، پی ایف اے نے محفوظ دودھ مہم 2025 کے تحت دودھ میں ملاوٹ کے خلاف صوبہ بھر میں کریک ڈاؤن کیا تاکہ صارفین کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔ ان اقدامات کے دوران لاہور میں داخل ہونے والے 70 ہزار لیٹر سے زائد دودھ کی جانچ کی گئی جس کے نتیجے میں 8 ہزار لیٹر ملاوٹ شدہ دودھ تلف کیا گیا۔ مظفرگڑھ میں معائنے کے دوران 2 ہزار لیٹر سے زائد غیر معیاری دودھ تلف کیا گیا جبکہ راولپنڈی میں چیک پوسٹ کارروائیوں کے دوران 3 ہزار 500 لیٹر غیر محفوظ دودھ ضائع کیا گیا۔ لاہور میں بڑے پیمانے پر چلائی گئی مہم کے دوران 60 گاڑیوں کی جانچ پڑتال کی گئی اور 35 ہزار لیٹر ملاوٹ شدہ دودھ تلف کیا گیا۔ پی ڈی اے نے وزیراعلیٰ اسکول نیوٹریشن پروگرام کو 11 اضلاع تک توسیع دینے پر بھی حکومتِ پنجاب کو سراہا اور اسے بچوں میں غذائی قلت کے مسئلے کے حل اور تعلیمی نتائج بہتر بنانے کے لیے ایک سنگِ میل قرار دیا۔ اسکول جانے والے بچوں کو محفوظ اور غذائیت سے بھرپور دودھ کی فراہمی ایک انقلابی قدم ہے جو جسمانی نشوونما، ذہنی ترقی اور طویل المدتی قومی پیداواری صلاحیت کو براہِ راست مضبوط کرے گا۔
ڈاکٹر امین نے کہا، “اس طرح کے اقدامات بچوں کی صحت میں سرمایہ کاری اور پاکستان کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب کے گہرے عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔” پی ایف اے کی کارروائیاں براہِ راست غذائی قلت میں کمی عوامی صحت کے نتائج میں بہتری اور انسانی سرمایہ مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہو رہی ہیں جو پاکستان کی طویل المدتی سماجی و معاشی ترقی کے لیے ناگزیر ہیں۔ پی ڈی اے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے سی ای او نے کہا کہ ایسوسی ایشن کا بنیادی وژن پاکستان بھر کے خاندانوں کو محفوظ، غذائیت سے بھرپور اور سستا دودھ فراہم کرنا ہے۔ پی ڈی اے کا پختہ یقین ہے کہ ڈیری سیکٹر کی باقاعدہ تشکیل، ریگولیٹری نفاذ کو مضبوط بنانا اور پی ایف اے کی محفوظ دودھ مہم اور وزیراعلیٰ اسکول نیوٹریشن پروگرام جیسے اقدامات کی حمایت اس ہدف کے حصول کے لیے انتہائی ضروری ہیں۔









