چکری اور بلکسر میں پاکستان کسٹمز کی بڑی کارروائی، جعلی سگریٹوں سے بھرے 11 مزدا ٹرک ضبط

اسلام آباد (سید جاوید حسن شاہ): پاکستان کسٹمز انفورسمنٹ اسلام آباد نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر راولپنڈی کے علاقوں چکری اور بلکسر میں انسدادِ اسمگلنگ کی بڑی کارروائی کرتے ہوئے جعلی سگریٹوں سے بھرے 11 مزدا ٹرک قبضے میں لے لیے۔ پاکستان کسٹمز کے مطابق کارروائی کے دوران جعلی سگریٹوں کی بھاری کھیپ برآمد کی گئی، جس سے منظم اسمگلنگ نیٹ ورک کو بڑا دھچکا پہنچا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ضبط کیے گئے جعلی سگریٹوں اور گاڑیوں کی مجموعی مالیت 40 کروڑ روپے سے زائد ہے۔
ترجمان پاکستان کسٹمز کے مطابق یہ کامیاب کارروائی کسٹمز انفورسمنٹ اسلام آباد کی مربوط حکمت عملی، مؤثر انٹیلی جنس اور بروقت کارروائی کا نتیجہ ہے، جس کا مقصد غیر قانونی تجارت کی روک تھام، قومی محصولات کا تحفظ اور قانونی کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔ پاکستان کسٹمز کا کہنا ہے کہ جعلی مصنوعات کی اسمگلنگ نہ صرف قومی معیشت کو نقصان پہنچاتی ہے بلکہ قانونی صنعت اور صارفین کے مفادات کو بھی متاثر کرتی ہے۔ حالیہ کارروائی کے ذریعے جعلی مصنوعات کی ترسیل ناکام بنا کر اسمگلنگ میں ملوث عناصر کو بھاری نقصان پہنچایا گیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان کسٹمز ملک بھر میں اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھے ہوئے ہے اور غیر قانونی تجارت کے خاتمے، قومی معیشت کے تحفظ اور ٹیکس محصولات میں اضافے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رہیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اسمگلنگ، جعلی مصنوعات کی ترسیل اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں مستقبل میں بھی اسی شدت سے جاری رکھی جائیں گی۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں