ہرنائی اور گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے
کوئٹہ: بلوچستان کے علاقے ہرنائی اور اس کے گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ہرنائی و گرد و نواح میں آنے والے زلزلے کی شدت 3.6 ریکارڈ ہوئی ہے۔ زلزلے کی گہرائی 15 کلومیٹر تھی جب کہ مرکز ہرنائی سے 45 کلومیٹر دُور جنوب مشرق میں تھا۔زلزلہ کے نتیجے میں تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔واضح رہے کہ رواں ماہ کے پہلے ہفتے میں بھی کوئٹہ اور گردونواح میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، جس کی ریکٹر اسکیل پر شدت 4.6 ریکارڈ ہوئی تھی اور اس کا مرکزکوہ ہند کش میں تھا۔علاوہ ازیں گزشتہ ہفتے وفاقی دارالحکومت سمیت پنجاب، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے کئی شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 6.0 ریکارڈ کی گئی تھی جب کہ اس کا مرکز افغانستان میں کوہ ہندوکش کا پہاڑی سلسلہ اور گہرائی 213 کلومیٹر تھی۔










