پاکستانی طلباء جاپان سارک ایکسچینج پروگرام کے تحت جاپان کا دورہ کریں گے
اسلام آباد(غلام مرتضٰی)پاکستانی طلباء جاپان سارک ایکسچینج پروگرام کے تحت جاپان کا دورہ کریں گے.حکومت جاپان کی دعوت پر سات پاکستانی انڈرگریجویٹ طلباء اور ایک ورکنگ یوتھ 11 سے 19 دسمبر 2023 تک جاپان-سارک نیٹ ورک پروگرام آف پیپل ٹو پیپل ایکسچینج کے تحت جاپان کا دورہ کرے گا جسے JENESYS کہا جاتا ہے۔اس سال کے دورے کے پروگرام کا موضوع کنیکٹیویٹی/اقتصادی تعاون ہے جاپان-ایسٹ ایشیا نیٹ ورک آف ایکسچینج فار اسٹوڈنٹس اینڈ یوتھ جاپان اور ایشیا پیسفک خطے کے درمیان نوجوانوں کے تبادلے کا ایک پروگرام ہے جو جاپانی حکومت نے شروع کیا ہے جس کا مقصد جاپان اور ایشیا پیسفک خطے کے لوگوں کے درمیان باہمی اعتماد اور افہام و تفہیم کو فروغ دینا ہے۔
JENESYS 2023 کیا ہے
پروگرام کے تحت سارک ممالک کے نوجوانوں کو جاپان میں قیام کے دوران جاپان کی معیشت، معاشرت، تاریخ، سیاست، سفارتی تعلقات کے بارے میں سیکھنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ طلباء لیکچرز اور مختلف جہگو ں کے دوروں کے ذریعے جاپان کی متنوع ثقافت کا تجربہ بھی کریں گے۔جاپان کے سفارت خانے نے دورہ کرنے والے گروپ کے لیے روانگی سے قبل ایک تعارفی سیشن کا انعقاد کیا اور انھیں کچھ ضروری معلومات فراہم کیں اور جاپان کے لیے روانگی سے قبل انھیں سفری دستاویزات بھی فراہم کیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں جاپان کے سفیر واڈا میٹسوہیرو نے نوجوان طالب علموں کو اس یوتھ ایکسچینج پروگرام کے تحت جاپان کا دورہ کرنے کے لیے ان کے انتخاب پر مبارکباد دی جو کہ نوجوان ذہنوں کے لیے جاپان کے بارے میں مزید جاننے کا زندگی کا سنہری موقع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ملکوں کے درمیان باہمی افہام و تفہیم اور دوستانہ تعلقات کو فروغ دینے کے لیے عوام سے عوام کا تبادلہ خاص طور پر نوجوانوں کا ضروری ہے۔سفیر نے امید ظاہر کی کہ دورہ کرنے والے پاکستانی طلباء کو ملک میں اپنے قیام کے دوران جاپان کی زندگی، ثقافت اور تاریخی ورثے کو سیکھنے اور ان سے لطف اندوز ہونے اور اپنے تجربات اپنے دوستوں کے ساتھ شیئر کرنے کے کافی مواقع ملیں گے۔اس سال JENESYS 2023 پروگرام کے تحت، مجموعی طور پر 56 انڈرگریجویٹ/گریجویٹ طلباء اور سارک ممالک سے ورکنگ یوتھ کو حکومت جاپان نے اس مختصر مدتی دعوت میں شرکت کے لیے مدعو کیا ہے۔توقع ہے کہ اس پروگرام سے نہ صرف ان کی صلاحیتوں کو مزید فروغ ملے گا بلکہ جاپان اور سارک ممالک کے نوجوانوں کے درمیان باہمی افہام و تفہیم کو بھی فروغ ملے گا۔








