پاکستان سپر لیگ میں غیر ملکی صحافیوں کی دلچسپی، بنگلہ دیشی صحافی ملتان پہنچ گئے
(سید جاوید حسن شاہ) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2025 کی کوریج کے لیے غیر ملکی صحافیوں کی دلچسپی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ بنگلہ دیش کے معروف صحافی تصفیق شہریار پولک پی ایس ایل کی رپورٹنگ کے لیے ملتان پہنچ چکے ہیں۔ بنگلہ دیشی صحافی کی لاہور قلندرز کی ٹیم میں خاص دلچسپی دیکھنے میں آئی، جس کی بڑی وجہ ریشاد حسین کی ٹیم میں شمولیت ہے۔ ریشاد حسین اس وقت بنگلہ دیش کے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے نمایاں باؤلرز میں شمار ہوتے ہیں اور پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ لاہور قلندرز کی انتظامیہ کی جانب سے صحافی تصفیق شہریار پولک کو شاہین شاہ آفریدی کے دستخط شدہ گیند کا تحفہ دیا گیا۔ تصفیق شہریار نے قلندرز انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے یادگار لمحہ قرار دیا۔
ٹیم ڈائریکٹر لاہور قلندرز ثمین رانا نے کہا “یہ دیکھ کر خوشی ہے کہ ریشاد حسین کی لاہور قلندرز کی نمائندگی نے بنگلہ دیش میں پی ایس ایل کو توجہ کا مرکز بنا دیا ہے۔” انہوں نے مزید کہا “یہ قابلِ تعریف ہے کہ کرکٹ کس طرح قوموں کو جوڑ رہی ہے۔ لاہور قلندرز نے ریشاد حسین جیسے باصلاحیت کھلاڑی کو منتخب کر کے بنگلہ دیشی کرکٹ پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔” تصفیق شہریار نے بھی اعتراف کیا “ریشاد حسین کا انتخاب دراصل بنگلہ دیشی کرکٹ کی صلاحیتوں پر اعتماد کی علامت ہے۔ پی ایس ایل کی کوریج اور خاص طور پر لاہور قلندرز کی مہمان نوازی میرے لیے ایک اعزاز ہے۔” واضح رہے کہ ریشاد حسین پی ایس ایل 10 میں اب تک دو میچز کھیل چکے ہیں اور 6 وکٹوں کے ساتھ نمایاں باؤلرز میں شامل ہو چکے ہیں۔









