شاباش گرلز! پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی شاندار کامیابی پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی مبارکباد
لاہور (سید جاوید حسن شاہ) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے ایل سی سی اے گراؤنڈ میں پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم سے ملاقات کی اور آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 2025 کے لیے کوالیفائی کرنے پر ٹیم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔ چیئرمین پی سی بی نے ویمنز ٹیم کی ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ “خواتین کھلاڑیوں نے پانچوں میچز میں زبردست ٹیم ورک کے ساتھ کھیل کر ناقابل شکست رہتے ہوئے قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔
محسن نقوی نے پاکستان ویمنز ٹیم کے لیے انعام کا بھی اعلان کیا اور کہا آپ کی کارکردگی قابلِ فخر ہے، ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں اور ورلڈ کپ میں آپ کی کامیابی کے لیے دعاگو ہیں۔چیئرمین پی سی بی نے کھلاڑیوں کی محنت، لگن اور جذبے کو سراہتے ہوئے ٹیم کے ہر رکن کو شاباش دی اور کہا امید ہے کہ آپ عالمی کپ میں بھی اسی جذبے، نظم و ضبط اور جوش کے ساتھ کھیلیں گی اور پاکستان کا نام مزید روشن کریں گی۔ محسن نقوی نے ویمنز ٹیم کے کوچنگ اسٹاف اور سپورٹ اسٹاف کو بھی مبارکباد دی اور ٹیم کی کامیابی کو اجتماعی محنت کا نتیجہ قرار دیا۔












