ثقافتی روابط میں سنیما کا کردار اہم ہے، فرانسیسی سفیر مووین پک کے روف ٹاپ ریستوران اسکائی 24 کے افتتاح اور فرانکوفونی فلم میلہ کے آغاز پر خطاب
اسلام آباد(زاہد یعقوب خواجہ) پاکستان میں فرانس کے سفیر نکولس گالے نے کہا ہے کہ ثقافتوں کے درمیان روابط قائم کرنے میں سینما کا کردار بہت اہم ہے۔ وہ مووین پک ہوٹل سینٹورس کے روف ٹاپ ریستوران اسکائی 24 کے افتتاح اور فرانکوفونی فلم میلہ کے آغاز کے موقع پر تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ افتتاحی تقریب میں سفیروں، سفارتی عملے اور پاکستان کے ثقافتی و کارپوریٹ شعبے کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔ فرانسیسی سفیر نے مووین پک ہوٹل سینٹورس کے شاندار فنِ تعمیر کو سراہا اور کہا کہ اسکائی24 نے اسلام آباد کے اسکائی لائن کو مزید خوبصورت بنا دیا ہے۔
انہوں نے بین الاقوامی ثقافتی تبادلے کے جذبے کو سراہا۔ اسلام آباد ڈویلپرز ایسوسی ایشن کے صدر اور سی ای او سینٹورس گروپ و مووین پک سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ اسکائی24 کا افتتاح اور فرانکوفونی فلم فیسٹیول کی میزبانی ہمارے لئے اعزاز کی بات ہے اور اس وابستگی کا مظہر ہے کہ ہم مختلف ثقافتوں کو ایک پلیٹ فارم پر لا کر ایک دوسرے سے جُڑنے کے مواقع فراہم کریں۔ اسکائی24 اب عوام کے لیے کھلا ہے، سینٹورس کمپلیکس کی بلند ترین منزل پر واقع پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا ریستوران ہے جو شہر اور مارگلہ ہلز کے دلکش نظارے کے ساتھ اسلام آباد کی سب سے بلند 6 اسٹار فائن ڈائننگ سے لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کرتا ہے۔












