لازوال دھنوں کے خالق موسیقار امجد بوبی کو مداحوں سے بچھڑے 20 برس بیت گئے
لاہور(سید جاوید حسن شاہ)سریلی اور لازوال دھنوں کے خالق موسیقار امجد بوبی کو مداحوں سے بچھڑے 20 برس بیت گئے۔انفرادیت پسند اور جدت طراز موسیقار امجد بوبی 1942 میں امرتسر میں پیدا ہوئے، ان کے والد غلام حسین خان ایک کلاسیکل گائیک تھے جن سے انہوں نے موسیقی کی تربیت حاصل کی، موسیقار امجد بوبی، رشیدعطرے جیسے عظیم موسیقار کے بھانجے تھے مگرخود کو ایک بڑا موسیقار منوانے کیلئے امجد بوبی کو خاصی جدوجہد کرنا پڑی۔
موسیقار امجد بوبی کی پہلی فلم 1969 میں آنے والی وحید مراد کی فلم اک نگینہ تھی تاہم انہیں 1983میں فلم کبھی الوداع نہ کہنا اور پھر فلم بوبی کے گیتوں نے شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔گھونگھٹ، پرورش ، نادیہ ، روبی، نزدیکیاں، سنگم، چیف صاحب، گھر کب آو گے، یہ دل آپ کا ہوا بھی امجد بوبی کی کامیاب ترین فلمیں ثابت ہوئیں۔فلم کھلے آسمان کے نیچے امجد بوبی کی آخری فلم ثابت ہوئی اور وہ 15 اپریل 2005 کو دل کا دورہ پڑنے سے لاہور میں انتقال کر گئے۔












