وزیراعظم شہباز شریف کا ٹرائی نیشن کرکٹ ٹیموں کے اعزاز میں ظہرانہ، اسپورٹس مین اسپرٹ اور دوستی کے فروغ پر زور
اسلام آباد(زاہد یعقوب خواجہ): وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے وزیراعظم ہاؤس میں ٹرائی نیشن سیریز میں شریک پاکستان، سری لنکا اور زمبابوے کی کرکٹ ٹیموں کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان، سری لنکا اور زمبابوے کی کرکٹ ٹیموں نے ٹرائی نیشن سیریز میں شرکت کرتے ہوئے جس جذبے، مہارت اور لگن کا مظاہرہ کیا ہے وہ قابلِ ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام کھلاڑی اپنے اپنے ملک کی بہترین نمائندگی کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ کھلاڑی میدان میں اسپورٹس مین اسپرٹ اور باہمی احترام کی ایسی مثال قائم کریں جو نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی سید محسن رضا نقوی کی سربراہی میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے سیریز کے تمام میچز بہترین انتظامات، مؤثر حکمت عملی اور اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ منعقد کیے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کا مسلسل انعقاد ملک کے مثبت تشخص، امن اور استحکام کا ثبوت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹرائی نیشن سیریز سے کرکٹ کے شائقین کو اعلیٰ معیار کا کھیل دیکھنے کو مل رہا ہے۔
وزیراعظم نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ پاکستان، سری لنکا اور زمبابوے کے درمیان کرکٹ کے ذریعے دوستی اور باہمی تعاون مزید مضبوط ہوگا اور پاکستان آئندہ بھی دنیا بھر کی ٹیموں کی میزبانی اسی جذبے کے ساتھ جاری رکھے گا۔ ظہرانے میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وزیر داخلہ و چیئرمین پی سی بی سید محسن رضا نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر ریلویز محمد حنیف عباسی، سری لنکن ہائی کمشنر ریئر ایڈمرل فریڈ سینیویراتھنے اور زمبابوے کے ہائی کمشنر ٹائیٹس ابو بسوتو بھی شریک تھے.









