ایچ بی ایل پی ایس ایل کی دو نئی ٹیموں کی نیلامی کل اسلام آباد میں ہوگی
اسلام آباد (سید جاوید حسن شاہ): ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں شامل کی جانے والی دو نئی ٹیموں کی نیلامی کل اسلام آباد میں منعقد ہوگی۔ پی ایس ایل کی نئی ٹیموں کی نیلامی جناح کنونشن سینٹر میں ہوگی، جس کا آغاز شام 4 بج کر 15 منٹ پر کیا جائے گا۔ نیلامی کی براہِ راست نشریات پی سی بی اور پی ایس ایل کے آفیشل یوٹیوب چینلز کے علاوہ ٹیپ میڈ، تماشا اور پی سی بی لائیو (یوکے) پر دکھائی جائیں گی۔ اس کے ساتھ ساتھ اے اسپورٹس، جیو اسپورٹس، فاسٹ اسپورٹس اور پی ٹی وی اسپورٹس بھی نیلامی ایونٹ براہِ راست نشر کریں گے۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل کی نئی ٹیموں کے حصول کے لیے 10 معروف کمپنیوں کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔ نیلامی میں ایم نیکسٹ، ڈہرکی شوگر ملز، ایف کے ایس، پرزم ڈیولپرز اور انوریکس سولر بولی لگائیں گے، جبکہ جاز، آئی ٹو سی (i2c)، ولی ٹیکنالوجیز، ویگو ٹیل اور اوزی ڈویلپرز بھی نیلامی میں شریک ہوں گے۔ پی ایس ایل سیزن 11 میں ٹیموں کی تعداد 6 سے بڑھا کر 8 کر دی جائے گی۔ پی ایس ایل سیزن 11 کا انعقاد 26 مارچ سے 3 مئی 2026 تک ہوگا۔
نئی فرنچائزز کے لیے فیصل آباد، گلگت، حیدرآباد، مظفرآباد، راولپنڈی اور سیالکوٹ کو ممکنہ شہروں کے طور پر زیرِ غور لایا جا رہا ہے۔ نیلامی ایونٹ کے بعد عالمی شہرت یافتہ گلوکار راحت فتح علی خان خصوصی پرفارمنس پیش کریں گے۔ اس موقع پر پاکستان شاہینز اور ہانگ کانگ سپر سکسز کی فاتح ٹیموں کو بھی انعامات دیے جائیں گے۔












