آئی فون صارفین کیلئے سائبر سکیورٹی ایڈوائزری جاری، احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت

(ویب ڈیسک):نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے آئی فون صارفین کے لیے اہم سائبر سکیورٹی ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے متعدد احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ایڈوائزری میں صارفین کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ اپنے آئی فون کو ہمیشہ تازہ ترین سافٹ ویئر ورژن یعنی iOS پر اپ ڈیٹ رکھیں اور زائد المیعاد یا پرانے ورژن کے استعمال سے گریز کریں، کیونکہ اس سے سکیورٹی خطرات بڑھ سکتے ہیں۔
مزید کہا گیا ہے کہ صارفین مشکوک اور غیر معروف لنکس پر کلک کرنے سے اجتناب کریں اور کسی بھی غیر معروف وی پی این کو انسٹال نہ کریں۔ اسی طرح غیر تصدیق شدہ وائی فائی نیٹ ورکس سے کنیکٹ ہونے سے بھی گریز کرنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ ڈیٹا چوری اور سائبر حملوں سے بچا جا سکے۔
ایڈوائزری میں اس بات پر بھی زور دیا گیا ہے کہ صارفین اپنے اکاؤنٹس سے متعلق موصول ہونے والے سکیورٹی الرٹس کو نظر انداز نہ کریں اور فوری طور پر ضروری اقدامات کریں۔ مزید برآں، آئی فون کو باقاعدگی سے ری اسٹارٹ کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے تاکہ ڈیوائس کی کارکردگی اور سکیورٹی بہتر بنائی جا سکے۔
ماہرین کے مطابق ان سادہ مگر مؤثر احتیاطی تدابیر پر عمل کر کے صارفین اپنے ڈیٹا اور ذاتی معلومات کو سائبر خطرات سے محفوظ بنا سکتے ہیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں