قوم فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ساتھ کھڑی ہے، ملکی دفاع و ترقی کے لیے یکجہتی ضروری: سردار راشدالیاس
اسلام آباد (غلام مرتضی): اسلام آباد ڈیولپرز ایسوسی ایشن کے رہنما اور سینٹورس گروپ کے صدر، ڈاکٹر سردار راشدالیاس خان نے کہا ہے کہ پوری قوم اور کاروباری برادری ملک کے دفاع، استحکام اور ترقی کے لیے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ یومِ پاکستان کے موقع پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ 23 مارچ ہمیں اس تاریخی جدوجہد کی یاد دلاتا ہے جس کے نتیجے میں ایک آزاد اور خودمختار مسلم ریاست کا قیام عمل میں آیا۔
انہوں نے کہا کہ آج فیلڈ مارشل سید عاصم منیر مملکتِ خداداد کے تحفظ اور ترقی کے لیے بے مثال خدمات انجام دے رہے ہیں۔ سردار راشد کا کہنا تھا کہ ان کی بصیرت افروز اور جرات مندانہ قیادت کے باعث پاکستان نے عالمی برادری میں ایک نمایاں مقام حاصل کیا ہے اور دنیا ان کی قائدانہ صلاحیتوں کا اعتراف کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ علاقائی اور عالمی صورتحال میں پاکستان کا کردار مزید اہم ہو چکا ہے، جبکہ قومی سلامتی سے متعلق قیادت کے فیصلے قراردادِ پاکستان کے حقیقی مقاصد کے حصول کی جانب اہم سنگِ میل ہیں۔ آخر میں سردار راشد نے ہر پاکستانی پر زور دیا کہ وہ 23 مارچ 1940 کے جذبے کے تحت ملک کی ترقی میں اپنا فعال کردار ادا کرے۔









