نادرا کے پچیسویں یوم تاسیس کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد، پاکستان کے پہلے “ڈی مٹیریلائزڈ ڈیجیٹل شناختی کارڈ” کا اجراء

اسلام آباد(زاہد یعقوب خواجہ) نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے اپنی سلور جوبلی کے موقع پراسلام آباد میں اپنے ہیڈکوارٹرز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر نادرا کی جانب سے پاکستان کا پہلا “ڈی میٹریلائزڈ ڈیجیٹل شناختی کارڈ ” متعارف کرانے کا اعلان کیا گیا، جو قومی شناختی نظام میں ایک انقلابی پیش رفت ہے۔ صدر اور وزیر اعظم پاکستان نے نادرا کی نمایاں کامیابیوں پر مبارکباد کے پیغامات ارسال کئے، جبکہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اس موقع کی مناسبت سے ایک یادگاری سکہ اور پاکستان پوسٹ نے ایک خصوصی ڈاک ٹکٹ جاری کیا ۔
صدر آصف علی زرداری نے شہریوں کو قانونی اور محفوظ شناخت کی فراہمی کے لئے نادرا کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ ریاست اور عوام کے درمیان اعتماد کے رشتے کو مضبوط بنا رہا ہے اور عوامی خدمات میں نمایاں تبدیلی لا رہا ہے۔ انہوں نے نادرا پر زور دیا کہ وہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو مزید وسعت دے کر اپنی کارکردگی میں بہتری لائے اور شفافیت، رسائی اور شہری اطمینان کے اعلیٰ ترین معیارات کو برقرار رکھے۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے شہریوں کوشناخت کے ذریعے بااختیار بنانے میں نادرا کے مرکزی کردار کو اجاگر کیا اور کہا کہ نادرا پاکستان، نائجیریا اور کینیا کوشناختی نظام مہیا کرنے کے باعث دنیا کی آبادی کے تیسرے بڑے طبقے کو خدمات فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے ڈیٹا اور آرٹیفشل انٹیلی جنس کے میدان میں نادرا کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ٹیکنالوجی کے ان جدید شعبوں میں نادرا کی مہارت ملکی معیشت کی ترقی میں بنیادی کردار ادا کرے گی۔
وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات سید محسن رضا نقوی نے پاکستان کے پہلے “ڈی مٹیریلائزڈ ڈیجیٹل شناختی کارڈ” کے اجراء کو ڈیجیٹل شناخت کی طرف ایک اہم قدم قرار دیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پاک آئی ڈی موبائل ایپلی کیشن میں اس فیچر کی شمولیت کے بعد شہریوں کو شناختی کارڈاپنے سمارٹ فون میں ساتھ رکھنے کی سہولت میسر ہوگی۔ مزید برآں، ڈیجیٹل تصدیقی نظام جلد متعارف کرایا جائے گا جس کے بعد ورلڈ بینک کے تعاون سے جاری ڈیجیٹل اکانومی کے پروجیکٹ کے تحت مختلف خدمات کے لئے محفوظ اور فوری تصدیق ممکن ہو گی۔ اس منصوبے کا پائلٹ مرحلہ اس سال یوم آزادی سے شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ نادرا کا وسیع نیٹ ورک نہ صرف ملک کے دور دراز علاقوں بلکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بھی شناختی خدمات فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے نادرا کی طرف سے قومی سلامتی، اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دی جانے والی معاونت کو بھی سراہا۔
نادرا کے بانی چیئرمین، میجر جنرل (ر) زاہد احسان تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں نادرا کے قیام اور اس کے ابتدائی سفر پر روشنی ڈالی اور کہا کہ یہ ادارہ اپنے بنیادی وژن کو حقیقت کا روپ دیتے ہوئے مسلسل ترقی کی نئی منازل طے کر رہا ہے۔تقریب میں نادرا کے سابق چیئرمین صاحبان، نادرا بورڈ کے سابق ممبران، سپیشل سیکریٹری داخلہ، چیف سٹیٹسٹیشن قومی ادارہ شماریات، ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹ، اور نادرا کے افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر نادرا کے 25 سالہ سفر پر مبنی ایک دستاویزی فلم دکھائی گئی اور اسی سلسلے میں ایک کتاب کی رونمائی کی گئی، جسے شرکاء نے بے حد سراہا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں