کراچی کنگز نے ایچ بی ایل پی ایس ایل 10 کے لیے نئی کِٹ متعارف کرا دی — روایتی رنگوں کے ساتھ نیا انداز
(سید جاوید حسن شاہ) ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ سیزن 10 کے آغاز سے قبل کراچی کنگز نے اپنی نئی کِٹ متعارف کروا دی ہے۔ نیلے اور سرخ رنگوں پر مشتمل یہ جاذبِ نظر لباس ایک جانب ٹیم کی تاریخ کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے، تو دوسری جانب جدید انداز اور اعتماد کے ساتھ ایک نیا روپ بھی پیش کرتا ہے۔ اس منفرد کِٹ کو “دی پیس کلب” نے ڈیزائن کیا ہے، جو فیشن اور اسپورٹس ویئر ڈیزائن میں ایک منفرد سوچ رکھتا ہے۔کراچی کنگز کو ملی نئی کِٹ کراچی کنگز کی روایت اور شناخت کی عکاس ہے۔ نیلا رنگ اس کِٹ کا بنیادی رنگ ہے جو ٹیم کے وقار اور مضبوطی کو ظاہر کرتا ہے، جب کہ اس پر نمایاں سرخ پٹیاں توانائی کا احساس دلاتی ہیں۔
شرٹ کے ڈیزائن میں سادگی اور نفاست کے ساتھ ایک کلاسک انداز جھلکتا ہے جو کہ پیس کلب کی تخلیقی سوچ کا مظہر ہے.اس کِٹ کی تخلیق کے پیچھے “دی پیس کلب” کا تخلیقی وژن کارفرما ہے۔ ڈیزائنرز نے ایک ایسا لباس تیار کیا ہے جو نہ صرف دیکھنے میں دلکش ہے بلکہ میدان میں بہترین کارکردگی کے لیے بھی موزوں ہے۔ایچ بی ایل پی ایس ایل 10 کا آغاز 11 اپریل 2025 سے ہو رہا ہے، جبکہ کراچی کنگز اپنا پہلا میچ 12 اپریل کو اپنے ہوم گراؤنڈ نیشنل بینک اسٹیڈیم، کراچی میں ملتان سلطانز کے خلاف کھیلیں گے۔












