پاکستان–جاپان تعلقات کے 74 سال مکمل، اقتصادی و ٹیکنالوجی شراکت داری کو نئی بلندیوں پر لے جانے کا اعلان

اسلام آباد ( زاہد یعقوب خواجہ): جاپان اور پاکستان نے سفارتی تعلقات کے 74 سال مکمل ہونے پر مستقبل کی مضبوط اقتصادی، تکنیکی اور ثقافتی شراکت داری کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ جاپان کے سفیر برائے پاکستان اکاماتسو شوئیچی نے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان عوامی سطح پر روابط، اقتصادی تعاون اور ٹیکنالوجی شراکت داری آئندہ برسوں میں تعلقات کی بنیاد ہوں گے۔ گزشتہ شب اپنی رہائش گاہ پر میڈیا نیٹ ورکنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے تعلقات باہمی اعتماد، احترام اور دیرپا دوستی کی مثال ہیں، جو 74 سالہ سفارتی تعلقات، جاپان کی ترقیاتی معاونت، جاپانی کمپنیوں کی موجودگی اور مصنوعات پر اعتماد کا نتیجہ ہیں۔
سفیر اکاماتسو نے پاکستان کے مختلف علاقوں کے دوروں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اور سندھ کے صنعتی مراکز سے لے کر موہنجو داڑو، ٹیکسلا اور شمالی علاقہ جات تک، پاکستان کی تہذیب، تاریخ اور عوام کی مہمان نوازی نے انہیں بے حد متاثر کیا ہے۔ انہوں نے 2026 اور اس کے بعد کے لیے جاپان پاکستان تعاون کے روڈمیپ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مصنوعی ذہانت، آئی ٹی، صنعت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت تقریباً 80 جاپانی کمپنیاں پاکستان میں سرگرم عمل ہیں جو ایک لاکھ سے زائد افراد کو روزگار فراہم کر رہی ہیں۔
جاپانی سفیر نے بتایا کہ پاکستانی نوجوانوں میں جاپانی زبان اور جاپان میں تعلیم حاصل کرنے کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے، حالیہ جاپانی لینگویج پروفیشنسی ٹیسٹ میں ایک ہزار سے زائد امیدواروں کی شرکت اس بات کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے 10 فروری کو منعقد ہونے والے جاپان پاکستان بزنس سیمینار کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ سیمینار پاکستانی کاروباری برادری کے مسائل کے حل اور نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے منعقد کیا جا رہا ہے۔
سفیر اکاماتسو نے اوساكا-کانسائی ایکسپو 2025 میں پاکستان پویلین کی شاندار کامیابی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پویلین نے نمائش ڈیزائن میں برانز ایوارڈ حاصل کیا اور 18 لاکھ سے زائد جاپانی شہریوں نے اس کا دورہ کیا، جس سے جاپان میں پاکستان کے لیے مثبت تاثر کو فروغ ملا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر یاسر ایاز، چیئرمین این سی اے آئی اور سربراہ روبوٹکس ڈیپارٹمنٹ نسٹ نے جاپان کے نظم و ضبط، معیار اور ٹیکنالوجی میں قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ جاپان کے ساتھ تعاون پاکستان کو علم پر مبنی معیشت کی جانب تیزی سے لے جا رہا ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں