اوورسیز پاکستانیوں کے لیے خصوصی سیاحتی پیکجز متعارف کرانے کا فیصلہ، او پی ایف اور موون پک سینٹورس اسلام آباد کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط

اسلام آباد ( زاہد یعقوب خواجہ ): اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن اور مود اینڈ پک سنٹورس اسلام آباد کے درمیان اوورسیز پاکستانیوں کے لیے سیاحتی مواقع بڑھانے اور انہیں پاکستان سے مزید جوڑنے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار یاسر الیاس خان، چیف ایگزیکٹو آفیسر سینٹورس گروپ اور موو اینڈ پک اسلام آباد اور وزیراعظم کے معاون برائے سیاحت نے کہا کہ اس معاہدے کا مقصد بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا پاکستان کے بارے میں مثبت تاثر اجاگر کرنا ہے.
انہوں نے کہا کہ بہت سے اوورسیز پاکستانی سمجھتے ہیں کہ پاکستان میں ان کے لیے کچھ نہیں، ہم ان کا یہ نظریہ تبدیل کرنا چاہتے ہیں کہ پاکستان بدل چکا ہے، یہاں عالمی معیار کے ہوٹلز، برانڈز، مالز اور تفریحی سہولیات موجود ہیں۔ سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ او پی ایف اوورسیز پاکستانیوں اور پاکستان کے درمیان مضبوط رابطے کے لیے پل کا کردار ادا کر رہا ہے۔
ہم چاہتے ہیں کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنے خاندانوں کے ساتھ پاکستان آئیں، یہاں سیاحت کریں، ایونٹس منعقد کریں اور سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایڈونچر، مذہبی، طبی اور ثقافتی سیاحت کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے خصوصی پیکجز تیار کیے جائیں گے جن میں خان پور، مابالی، سوات اور دیگر سیاحتی مقامات شامل ہوں گے.
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں طبی سہولیات عالمی معیار کی اور کئی ممالک کے مقابلے میں کم لاگت پر دستیاب ہیں جبکہ ملک میں بہترین ہوٹلنگ سہولیات موجود ہیں، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن سید قمر رضا شاہ نے سردار یاسر الیاس خان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیاحت کے فروغ کے لیے ان کا انتخاب بہترین فیصلہ ہے، وہ اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان سے جوڑنے کے لیے مثالی کردار ادا کر رہے ہیں.
انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں، ان کی سرمایہ کاری اور ترسیلات ملکی معیشت کے لیے انتہائی اہم ہیں۔ اگر اوورسیز پاکستانی اپنا سرمایہ پاکستان میں لگائیں تو ملک معاشی طور پر مزید مضبوط ہو سکتا ہے، مفاہمتی یادداشت کے تحت اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ایڈونچر، مذہبی، طبی، ثقافتی اور دیگر شعبوں میں خصوصی سیاحتی پیکجز متعارف کرائے جائیں گے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں