سمر فیسٹا 2026 کا اختتام، طلبہ کی ہمہ جہت صلاحیتوں کے فروغ کے لیے ایسے پروگرام ناگزیر ہیں، ڈاکٹر احسان

اسلام آباد(زاہد یعقوب خواجہ): وفاقی نظامتِ تعلیمات کے زیرِ اہتمام اسلام آباد ماڈل کالج فار گرلز جی-11 میں منعقدہ “سمر فیسٹا 2026” کی اختتامی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبہ کی تعلیمی، تخلیقی اور عملی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے والے مختلف کورسز کی تکمیل پر شرکاء کو سراہا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی نظامتِ تعلیمات کے ڈائریکٹر کالجز ڈاکٹر احسان نے کہا کہ “سمر فیسٹا 2026” کا کامیاب انعقاد اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ تعلیمی ادارے طلبہ کی ہمہ گیر ترقی کے لیے تخلیقی صلاحیتوں، ٹیکنالوجی، اعتماد سازی اور تاحیات سیکھنے کے رجحان کو فروغ دینے کے لیے سرگرم عمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے پروگرام طلبہ کی پوشیدہ صلاحیتوں کو نکھارنے اور انہیں مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیار کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، جبکہ سیلف ڈیفنس جیسی مہارت ہر طالبہ کے لیے وقت کی اہم ضرورت ہے۔
اسلام آباد ماڈل کالج فار گرلز جی-11 کی پرنسپل راحیلہ اویس نے اپنے خطاب میں کہا کہ سمر فیسٹا کا مقصد موسمِ گرما کی تعطیلات کے دوران طلبہ کو سیکھنے، تخلیقی سرگرمیوں میں حصہ لینے اور نئی مہارتیں حاصل کرنے کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرنا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ جون میں شروع ہونے والے مختلف کورسز میں 400 طلبہ نے شرکت کی، جن میں 180 طالبات نے سیلف ڈیفنس کورس مکمل کیا۔
انہوں نے بتایا کہ طلبہ نے سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ، کینوا ڈیزائننگ، کریئیٹو ایمبیلشمنٹ آرٹس اور سیلف ڈیفنس سمیت مختلف تربیتی پروگراموں میں حصہ لیا۔ سمر فیسٹا کے دوران سیلف ڈیفنس ٹریننگ کو خصوصی اہمیت دی گئی، جس کی نگرانی سینئر کوچ اور جنرل سیکریٹری اسلام آباد فل کانٹیکٹ مارشل آرٹس ایسوسی ایشن قمر ندیم نے کی۔
اس موقع پر قمر ندیم نے کہا کہ سیلف ڈیفنس کو تعلیمی نصاب کا باقاعدہ حصہ بنایا جانا چاہیے تاکہ طلبہ، بالخصوص طالبات، اپنی حفاظت کے لیے ضروری مارشل آرٹس کی مہارت حاصل کر سکیں۔
تقریب میں بتایا گیا کہ سیلف ڈیفنس کے ساتھ ساتھ سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ اور کینوا ڈیزائننگ کے کورسز نے طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل ڈیزائننگ سے روشناس کرایا، جبکہ کریئیٹو ایمبیلشمنٹ آرٹس کے ذریعے انہیں اپنی فنی اور تخلیقی صلاحیتوں کو نکھارنے کا بھرپور موقع ملا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں