عاطف اسلم پر بھی ”وڑ گیا”کا بخار چڑھ گیا
(سید جاوید حسن شاہ) نامور پاکستانی گلوکار عاطف اسلم پر معروف وکیل اور سیاستدان شیر افضل مروت کا مشہور جملہ ‘پروگرام تو وڑ گیا’ کا بخار چڑھ گیا۔پاکستان اور بھارت میں یکساں مقبولیت کے حامل عاطف اسلم کا شمار ان چند گلوکاروں میں ہوتا ہے جو اپنے لائیو کنسرٹ میں لپ سنک کرنے کے بجائے خود گلوکاری کے جوہر دکھاتے ہیں۔وہ کبھی اپنے ہی گیت کو نئی میوزک میں ڈال کر گاتے ہیں تو کبھی بالی وڈ کے کے پرانے گیتوں کو اپنی مسحور کن آواز میں گا کر سب کے دل موہ لیتے ہیں۔عاطف اسلم ہائی نوٹز پر بھی دھوم مچانا جانتے ہیں اور لو نوٹز پر بھی وہ سحر انگیز ماحول بنانے کی مہارت رکھتے ہیں۔
تاہم حالیہ کچھ عرصے سے عاطف اسلم نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکانٹ پر اپنی مزاحیہ ویڈیوز پوسٹ کرنے کا سلسلہ بھی شروع کررکھا ہے، جسے انکے مداحوں کی جانب سے بھی خوب پسند کیا جارہا ہے۔حال ہی میں عاطف اسلم نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ اپنے کسی دوست کو وائس نوٹ بھیجنے میں مشکلات کا شکار نظر آرہے ہیں۔ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عاطف اسلم کسی پرفضا مقام پر موجود ہیں اور اپنے موبائل پر وائس نوٹ ریکارڈ کرکے دوست کو بتا رہے ہیں کہ ‘یار بڑی فٹ جگہ ہے، زبردست لوگ ہیں، کھانا بھی بڑا اچھا ہے، پانی بھی بڑا زبردست ہے، تجھے ہونا چاہیے تھا یہاں’۔اتنا طویل وائس نوٹ ریکارڈ کرنے کے بعد جب انکی اسکرین پر نظر پڑتی ہے تو وہ یہ دیکھ کر جھنجھلا جاتے ہیں کہ وائس نوٹ ریکارڈ ہی نہیں ہوا تھا۔
وہ جھنجھلا کر یہی پیغام دوبارہ وائس نوٹ کی صورت میں بھیجنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن ایک بار پھر ریکارڈ کا بٹن دبانا بھول جاتے ہیں۔اس کے بعد جب وہ وائس نوٹ بھیجنے کی تیسری کوشش میں بھی ناکام ہوجاتے ہیں تو بالآخر عاطف اسلم ہمت ہار جاتے ہیں اور جھنجھلا کر شیر افضل کے انداز میں کہتے ہیںاو وڑ گیا بھئی، نہیں جارہا۔عاطف اسلم کی یہ ویڈیو دراصل اس عام صورتحال پر طنز تھی جسکا سامنا اکثر واٹس ایپ صارفین کو ہوتا ہے جو طویل پیغام وائس نوٹ کی صورت میں اپنے دوستوں کو بھیجنے کی کوشش کرتے ہیں مگر ریکارڈ کا بٹن دبانا بھول جاتے ہیں۔ویڈیو کے کمنٹ سیکشن میں عاطف اسلم کے مداحوں نے قہقہوں کے انبار لگادیے اور نہ صرف انکی حس مزاح بلکہ اداکاری کی بھی خوب تعریف کی۔












